نادیہ حسین کو سوشل میڈیا صارفین کی کڑی تنقید کا سامنا کیوں؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے معروف پاکستانی ماڈل و اداکارہ نادیہ حسین کو آج کل کڑی تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔
سینیئر ماڈل و اداکارہ نادیہ حسین کو اکثر ٹی وی مارننگ شوز میں میک ایکسپرٹ کے طور پر بلایا جاتا ہے۔ کچھ دن پہلے انہیں معروف ہوسٹ اور اینکر ساحر لودھی کے شو میں بھی بلایا گیا تھا۔
اس شو میں خواتین کے درمیان میک اپ کا مقابلہ کیا جارہا تھا اور نادیہ حسین دیگر پروفیشنل خواتین کے ہمراہ بطور جج شو میں شریک تھیں۔ اس دوران انہوں نے ایک نوجوان ماڈل کو ہائیلائیٹر اور مسکارے کے استعمال پر تنقید کا نشانہ بنایا۔
اس جونیئر ماڈل کا میک اپ کسی اور آرٹسٹ نے کیا تھا تاہم نادیہ نے ماڈل کی شکل و صورت کا مذاق اڑایا اور اس دوران وہ بار بار اس کے چہرے کو چھوتی رہیں، جس کے باعث جونیئر ماڈل خوفزدہ اور پریشان نظر آنے لگی۔
نادیہ حسین کے اس طرز عمل پر سوشل میڈیا صارفین نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے انہیں کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
صارف فہد اعوان نے اس حوالے سے کہا، ’یہ رویہ قابل حیرت ہے، یہ لوگ بیچاری لڑکی پر دھونس جما رہے ہیں، ساحر لودھی تمہیں شرم آنی چاہیے، ہم اس خوفناک رویے سے متعلق کس کو رپورٹ کرسکتے ہیں۔‘
مدیحہ سید نے اپنی پوسٹ میں لکھا، ’اس (ماڈل) کے چہرے کو اس طرح چھونا واقعی بہت بری بات ہے، وہ (ماڈل) رونے والی تھی، اس دھرتی پر نادیہ اور ساحر کے وجود کا آخر مقصد کیا ہے۔‘
حفصہ اقبال نے کہا، ’میں حیران ہوں کہ ان بھدے ناخنوں والی چڑیلوں کو لوگ آخر کیسے اپنا چہرہ چھونے کی اجازت دے دیتے ہیں۔‘
سید حسن گیلانی نے کہا، ’انہوں نے ظالمانہ انداز سے اس لڑکی کا مذاق اڑایا، یہ رویہ ذلت آمیز اور ناقابل قبول ہے، لوگ کیسے یہ مارننگ شو دیکھ لیتے ہیں۔‘