پاک بھارت خواتین مارشل آرٹس فائٹرز پہلی مرتبہ مدمقابل، پاکستانی انیتا کریم کا پلہ بھاری


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)کراٹے کمبیٹ نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنے اگلے ایونٹ میں خواتین فائٹرز کے درمیان پہلی بار پاکستان بمقابلہ انڈیا پروفیشنل مقابلہ منعقد کرے گی۔
تنظیم کے انسٹاگرام پیج پر اس نے انکشاف کیا کہ پاکستان کی مکسڈ مارشل آرٹس فائٹر انیتا کریم عرف ’آرم کلیکٹر‘ کا مقابلہ ہندوستان کی ’ناک آؤٹ کوئین‘ آشا روکا سے بنکاک میں 14 نومبر کو کِک بیک 3 ایونٹ میں ہوگا۔ پاکستان اور ہندوستان کے اس مقابلے نے ایونٹ میں جوش و خروش بڑھا دیا ہے۔
یہ لڑائی جنوبی ایشیا میں ترقی پذیر کھیلوں کے حوالے سے نئے مواقع پیدا کرے گی۔
ہنزہ میں پیدا ہونے والی آرم کیلکٹر کہلانے والی انیتا 5 جیت اور 2 ہار کے ریکارڈ کے ساتھ پہلے ہی ناک آؤٹ کوئین آشا روکا کے خلاف فیورٹ نظر آتی ہیں جن کے پاس 4 جیت اور 3 ہار کا ریکارڈ ہے۔
ٹریک ریکارڈ ظاہر کرتا ہے کہ تھائی لینڈ میں ہونے والی لڑائی انیتا کے لیے زیادہ موزوں ہو گی کیونکہ انہیں ون چیمپیئن شپ کے حصے کے طور پر وہاں تربیت اور لڑنے کا کافی تجربہ ہے۔
مزید برآں انیتا اس مقابلے میں 3 فائٹ جیتنے کے سلسلے میں زبردست فارم میں ہیں اور ان کی حریف روکا کی قسمت مکمل طور پر متضاد ہے کیوں کہ انہیں اپنی آخری 3 لڑائیاں ہاری ہیں۔