نواز شریف کی امریکا میں ملاقاتیں، کس طوفان کے آنے کا تہیہ ہے؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ بڑے عرصے سے صبر کرکے بیٹھا ہوا ہوں، اسی لیے کہتا ہوں مجھے نہ چھیڑیں میں خاموش ہوں لیکن تہیہِ طوفان کرکے بیٹھا ہوا ہوں۔
سابق وزیر اعظم و سربراہ مسلم لیگ ن نواز شریف اس وقت امریکا کے دورے پر ہیں، وہ 3روز قبل لندن سے 4روزہ دورے پر نیویارک پہنچے جہاں مختلف لوگوں سے ملاقاتیں کررہے ہیں۔
ایک اجلاس میں بیٹھے ہوئے نواز شریف کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ہے، جس میں وہ اجلاس میں شریک لوگوں سے خطاب کررہے ہیں۔ نواز شریف نے شاعرانہ انداز میں بات شروع کرتے ہوئے کہا کہ ’بیٹھے ہیں ہم تہیہ طوفان کیے ہوئے‘۔
نواز شریف نے اپنے مخصوص انداز میں بولتے ہوئے کہا کہ اسی لیے کہتا ہوں مجھے زیادہ نہ چھیڑیں، اس سارے عرصے کے دوران ہمارے اوپر بہت کچھ گزرا ہے، بڑے صبر سے ہم نے کام لیا ہے۔
واضح رہے سابق وزیراعظم نواز شریف لندن سے علاج کے لیے امریکا روانہ ہوئے ہیں، نواز شریف لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ سے امریکا روانہ ہوئے۔
نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان اور حسن نواز بھی نواز شریف کے ہمراہ امریکا روانہ ہوئے ہیں، نواز شریف کو رخصت کرنے کے لیے لیگی رہنما ایون فیلڈ میں موجود تھے۔
نواز شریف کو رخصت کرنے والوں میں احسن ڈار، زبیر گل بھی شامل تھے، نوازشریف امریکا میں 4 دن قیام کریں گے۔