ایئر پنجاب، مریم نواز کی تجویز پر نواز شریف کی بھی حمایت


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ پنجاب و سینیئر رہنما پاکستان مسلم لیگ ن مریم نواز نے پی آئی اے کو خرید کر ایئرپنجاب کے نام سے چلانے کی خواہش کا اظہار کردیا۔
پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کی نجکاری کا عمل مکمل نہ ہونے کے باعث ایک بار پھر یہ سوال اٹھایا جارہا ہے کہ کیا حکومت خود قومی ایئرلائن کو چلائے گی یا ایک بار پھر نجکاری کے لیے کوششیں کی جائیں گی۔
دو روز قبل جب پی آئی اے کی نیلامی کے لیے بولی کا عمل ہوا تو واحد خریدار بلیو ورلڈ سٹی نے محض 10 ارب روپے کی بولی دی، جبکہ نجکاری کمیشن نے 85 ارب روپے سے زیادہ کی ڈیمانڈ کی تھی، جس کے باعث نجکاری کا عمل مکمل نہیں ہوسکا۔
پی آئی اے کی نجکاری کا عمل مکمل نہ ہونے کے باعث خیبرپختونخوا حکومت نے پی آئی اے کو خریدنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے اور اس حوالے سے وفاقی حکومت کو خط بھی لکھ دیا ہے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے بھی پی آئی اے کو خریدنے کی خواہش کا اظہار کیا گیا ہے۔
پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف نے آج نیویارک میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مریم نواز کی خواہش ہے کہ وہ پی آئی اے کو خرید کر ایئر پنجاب کے نام سے لانچ کریں۔
نواز شریف نے کہاکہ میں نے مریم نواز کو مشورہ دیا کہ آپ پی آئی اے کو خرید لیں یا آپ نئی ایئرلائن بھی شروع کرسکتی ہیں۔
انہوں نے کہاکہ پی آئی اے کی تباہی پر بہت دکھ ہوتا ہے، میں خود پرواز بدل کر امریکا پہنچا ہوں، پی آئی اے کی خریداری یا نئی ایئرلائن کے حوالے سے مریم نواز غور و خوض کررہی ہیں۔
نواز شریف نے کہاکہ تحریک انصاف نے اپنے دور میں پی آئی اے کو تباہ کیا، ان کے ایک وزیر نے اسمبلی فلور پر کہاکہ ہمارے پائلٹس کی تعلیمی قابلیت پوری نہیں۔