دنیا کے طاقتور ترین پاسپورٹس میں ایک ایشیائی ملک سب سے اوپر، پاکستان کہاں کھڑا ہے؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)دنیا کے طاقتور ترین پاسپورٹس کی جاری کی گئی فہرست میں ایک ایشیائی ملک کا پہلا نمبر ہے جبکہ پاکستان اس فہرست میں نچلے نمبروں پر موجود ہے۔
ہینلے اینڈ پارٹنرز کی جانب سے پاسپورٹس کی فہرست جاری کی گئی ہے جس میں ایشیائی ملک سنگاپور کے پاسپورٹ کو طاقتور ترین قرار دیا گیا ہے۔
سنگاپور کی شہریت رکھنے والے افراد کو دنیا کے 195 ممالک میں ویزے کے بغیر سفر کرنے کی اجازت ہے۔
اس کے بعد فرانس، جرمنی، اٹلی، جاپان اور اسپین کے اسپورٹس مشترکہ طور پر دوسرے نمبر پر موجود ہیں، اور ان کے شہری 192 ممالک میں بغیر ویزے کے سفر کرسکتے ہیں۔
فہرست کے مطابق آسٹریلیا، ڈنمارک، فن لینڈ، جنوبی کوریا، لگسمبرگ، آئرلینڈ، نیدرلینڈ اور سویڈن کے پاسپورٹس رکھنے والے افراد 191 ممالک میں ویزا فری سفر کرسکتے ہیں، اور فہرست میں ان ممالک کا تیسرا نمبر ہے۔
اس کے بعد ناروے، نیوزی لینڈ، سوئٹزرلینڈ، برطانیہ اور بیلجیم کا چوتھا نمبر ہے، اور ان ممالک کے پاسپورٹس رکھنے والے افراد 190 ممالک میں ویزے کے بغیر جاسکتے ہیں۔
پرتگال اور آسٹریلیا کا پاسپورٹ رکھنے والے شہری 189 ممالک میں بغیر ویزے کے سفر کرسکتے ہیں، ان دونوں ممالک کے پاسپورٹ نے پانچویں نمبر پر اپنی جگہ بنائی۔
اس کے علاوہ یونان اور پولینڈ کے پاسپورٹس کا مشترکہ طور پر چھٹا نمبر ہے جہاں کے شہریوں کو 188 ممالک میں ویزا فری رسائی حاصل ہے، جبکہ کینیڈا، ہنگری، مالٹا اور چیک ریپبلک کے پاسپورٹس 187 ممالک تک ویزا رسائی کے ساتھ ساتویں نمبر پر رہے۔
امریکا کا پاسپورٹ رکھنے والے افراد کو 186 ممالک میں ویزا فری داخلے کی اجازت ہے، اور یہ پاسپورٹ فہرست میں 8ویں نمبر پر رہا۔
اس کے علاوہ متحدہ عرب امارات، لتھوانیا، ایسٹونیا کا نواں نمبر، جبکہ آئس لینڈ، سلواکیہ اور لٹویا کے حصے میں 10ویں طاقتور ترین پاسپورٹس کا اعزاز آیا۔
دنیا کے کمزور ترین پاسپورٹس کن ممالک کے ہیں؟
دوسری جانب پاکستان کمزور ترین پاسپورٹ رکھنے والا پانچوں قرار پایا ہے، پاکستان کا فہرست میں نمبر 102 آیا، جبکہ اس کے شہری 33 ممالک میں بغیر ویزے کے جاسکتے ہیں۔
اس کے علاوہ یمن بھی پاکستان کے ساتھ مشترکہ طور پر 102 ویں نمبر پر موجود ہے۔
پاکستان اور یمن سے نیچے عراق 103، شام 104 اور افغانستان کے پاسپورٹ کا فہرست میں نمبر 105 رہا۔
اس کے علاوہ صومالیہ 101، نیپال 100، لیبیا 100، بنگلادیش 99، فلسطین 99 اور شمالی کوریا کا نمبر 98 ہے جن کے پاسپورٹس رینکنگ میں پاکستان سے اوپر ہیں۔