سرکاری حج پیکج کتنے کا ہوگا؟ کابینہ نے حج پالیسی 2025 کی منظوری دیدی


سرکاری حج پیکج 10 لاکھ 65 ہزار سے 10 لاکھ 75 ہزار کے درمیان رکھنے کی منظوری
اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وفاقی کابینہ نے وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کی سفارش پر حج پالیسی 2025 کی منظوری دے دی .
وفاقی کابینہ کو آگاہ کیا گیا کہ سال 2025 میں پاکستان کا حج کوٹہ ایک لاکھ 79 ہزار 210 ہوگا جسے حکومت پاکستان اور نجی شعبے میں 50، 50 کے تناسب سے تقسیم کیا جائے گا .

حج پالیسی کے تحت 12 سال سے کم عمر بچوں کو اس سال حج کے حوالے سے سفر کرنے کی اجازت نہیں ہوگی .
حکومتی کوٹے کے حوالے سے کمپیوٹرائزڈ بیلیٹنگ کی جائے گی جس میں 1000 نشتیں ہارڈ شپ کیسز کے لیے مختص ہوں گی جبکہ 300 نشستیں مزدوروں یا کم آمدنی والے ملازمین، جوکہ ورکرز ویلفیئر فنڈ یا ایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹ انسٹی ٹیوٹ سے رجسٹر ہوں گے، کے لیے مقرر کی گئی ہیں .
روڈ ٹو مکہ کی سہولت اسلام آباد اور کراچی کے بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر دستیاب ہوگی . حج گروپ آرگنائزرز وزارت مذہبی امور کے ساتھ سروس پرووائیڈر معاہدے پر دستخط کریں گے اور خدمات کی فراہمی کے حوالے سے ان آرگنائزرز کی کڑی نگرانی کی جائے گی .
کابینہ کو آگاہ کیا گیا کہ حجاج کو بہتر سہولیات کی فراہمی کی نگرانی کے حوالے سے اس مرتبہ ناظم کا نیا عہدہ مقرر کیا گیا ہے . ہر 100 حجاج کے لیے ایک ناظم مقرر ہوگا اور ان ناظمین کا انتخاب ویلفیئر اسٹاف میں سے ہی کیا جائے گا .
کابینہ کو مزید بتایا گیا کہ دوارن حج انتقال اور زخمی ہونے والوں کے لیے معاوضہ بڑھایا گیا ہے . انتقال کرنے والے حجاج کے لواحقین کو 10 لاکھ روپے سے 20 لاکھ روپے معاوضہ دیا جائے گا جبکہ زخمی ہونے والوں کو 10 لاکھ روپے معاوضہ دیا جائے گا . کابینہ کو بتایا گیا کہ حجاج کی سہولت کے لیے ایک خصوصی حج مینجمنٹ ایپلی کیشن بنائی گئی ہے اور حجاج کی تربیت کے حوالے بھی خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں .
وفاقی کابینہ نے حج بیلٹنگ میں ایسے افراد کو ترجیح دینے کی ہدایت کی جو پہلی مرتبہ حج کی ادائیگی کریں گے . وفاقی کابینہ نے مزید ہدایت کی کہ حجاج کو بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے حوالے سے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں .
وفاقی کابینہ نے وزارت منصوبہ بندی کی سفارش پر سعید اقبال، معظم احمد، مدیحہ خالد، عثمان حیدر اور محمد سجاد فاروقی کی پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی کے بورڈ میں بطور پرائیوٹ ممبران تقرری کی منظوری دے دی .
کابینہ نے وزارت خزانہ و محصولات کی سفارش پر فارن کمرشل فنانسنگ فیسیلیٹی کی لندن انٹر بینک آفرڈ ریٹ LIBOR سے سیکیورڈ اوور نائیٹ فنانسنگ ریٹ SOFR پر منتقلی کے معاہدے کی بعد از وقوع /دستخط توثیق کر دی .
وزارت امور کشمیر و گلگت بلتستان کی سفارش پر جموں و کشمیر اسٹیٹ پراپرٹی بجٹ برائے مالی سال 2024-25 کی منظوری دے دی گئی .
وفاقی کابینہ نے وزارت بحری امور کی سفارش پر بحری جہازوں کی درجہ بندی کی سرٹیفکیشن کے حوالے سے ڈائرکٹوریٹ جنرل آف پورٹس اینڈ شپنگ، کراچی اور بحریہ کلاسیفکیشن سوسائیٹی کے درمیان معاہدے کی منظوری دے دی .

. .

متعلقہ خبریں