آرمی چیف کا دورہ سعودی عرب، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور دفاعی عہدیداروں سے ملاقاتیں


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سیّد عاصم منیر نے سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر اس وقت سعودی عرب کے دورے پر ہیں، جب وہ شاہی محل پہنچے تو سعودی ولی عہد نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں معززین نے علاقائی امن، دفاعی اور سیکیورٹی تعاون اور دوطرفہ تعلقات کو آگے بڑھانے کے لیے حکمت عملی سمیت باہمی دلچسپی کے متعدد امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے بتایا کہ آرمی چیف جنرل سیّد عاصم منیر نے پاکستان کے لیے ان کی مستقل حمایت پر شہزادہ محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کیا اور خطے میں امن و استحکام کو فروغ دینے میں ان کے اہم کردار کا اعتراف کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل سیّد عاصم منیر نے سعودی مملکت کے وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان سے بھی علیحدہ ملاقات کی۔ اور دفاع و سلامتی کے شعبے میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آرمی چیف نے سعودی معاون وزیر دفاع انجینیئر طلال عبداللہ العتیبی، رائل سعودی آرمڈ فورسز کے چیف آف جنرل اسٹاف ایئر چیف مارشل فیاض بن حمید بن رقیب الرویلی اور رائل سعودی لینڈ فورسز کے چیف لیفٹیننٹ جنرل فہد بن سعود الجوانی سے بھی ملاقاتیں کیں۔