یوم اقبال پر ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان
کابینہ ڈویژن کی جانب سے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وفاقی حکومت نے یوم اقبال پر ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کردیا۔وفاقی حکومت نے 9 نومبر بروز ہفتہ کو ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا ہے جس کا کابینہ ڈویژن کی جانب سے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
دوسری جانب اسٹیٹ بینک نے اپنے اعلامیہ میں کہا ہے کہ بینک 9 نومبر 2024ء کو بند رہے گا۔ رواں سال شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کا 147 واں یومِ پیدائش منایا جائے گا۔
دوسری جانب اسموگ کے پیش نظر پنجاب کے مختلف اضلاع میں 17 نومبر تک تعلیمی ادارے بند کرنے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا۔ ڈی جی ماحولیات نے تعلیمی اداروں کی بندش کا نوٹی فکیشن جاری کردیا جس میں کہا گیا کہ صوبائی دارالحکومت لاہور، شیخوپورہ، قصور، ننکانہ صاحب میں نجی و سرکاری تعلیمی ادارے 12 ویں جماعت اور کیمبرج انٹرنیشنل ایجوکیشن کے تحت اے لیول تک بند رہیں گے۔
نوٹی فکیشن کے مطابق گوجرانوالہ، گجرات، حافظ آباد میں بھی اسکولز بند رہیں گے، منڈی بہاالدین، سیالکوٹ، نارووال، فیصل آباد، ملتان میں بھی اسکول بند رہیں گے، ان اضلاع میں مذکورہ تمام تعلیمی ادارے آن لائن کلاسز پر منتقل ہوں گے، اسکولوں کی بندش کے فیصلے کا اطلاق 17 نومبر تک ہوگا۔