الیکشن قواعد کی خلاف ورزی کا الزام: حافظ نعیم الرحمان سمیت جماعت اسلامی کے رہنماؤں پر جرمانہ عائد
کراچی (قدرت روزنامہ)کراچی الیکشن کمیشن نے حافظ نعیم الرحمان سمیت جماعت اسلامی پاکستان(جےآئی پی) کے بیشتر قائدین پر الیکشن قواعد کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے ان پر 10 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا ہے۔
جمعرات کو سینٹرل کراچی کے ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر نے انتخابی قواعد کی خلاف ورزی پر جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان پر 10 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا ہے اور الزام عائد کیا ہے کہ انہوں نے آئی ٹی سے متعلق پروگرام میں حصہ لے کر انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی ہے۔
ادھر گلبرگ ٹاؤن کے چیئرمین نصرت اللہ اور یوسی چیئرمین فاروق نعمت اللہ کے خلاف بھی فیصلہ سناتے ہوئے10، 10 ہزار روپے کا جرمانہ عائد کیا ہے۔
ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر کے فیصلے کے مطابق حافظ نعیم الرحمان نے 3 نومبر کو فیڈرل بی ایریا کے بلاک 9 کے سنگھم گراؤنڈ میں جماعت اسلامی سے وابستہ این جی او الخدمت کے آئی ٹی پروگرام میں حصہ لے کر انتخابی قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کی۔
فیصلے سے قبل مانیٹرنگ افسر نے حافظ نعیم الرحمان کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے ان کے اقدامات کے بارے میں وضاحت طلب کی تھی۔ وکیل کے جواب کی بنیاد پر افسر نے جمعرات کو فیصلے کا اعلان کیا۔
ریجنل الیکشن کمشنر کراچی نے حافظ نعیم، نصرت اللہ اور نعمت اللہ سے متعلق رپورٹ الیکشن کمیشن کو ارسال کردی ہے۔