عمرے کی ادائیگی سے واپسی پر خاتون 20 تولہ سونا چوری کے الزام میں گرفتار
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)کراچی میں ایک خاتون نے مبینہ طور پر پڑوسی کا 20 تولہ سونا چوری کرنے کے بعد سندھ اور پنجاب میں مزارات کی زیارت کی اور پھر عمرے پر چلی گئیں۔
پولیس کے مطابق کراچی کے علاقے لیاری میں تفتیشی ٹیم نے چھاپا مار کر ایک خاتون کو گرفتار کیا ہے جنہوں نے پڑوسی کے گھر سے مبینہ طور پر 20 تولہ سونا چوری کیا تھا۔
مذکورہ ورادات کا مقدمہ ایک ماہ قبل لیاری کے بغدادی تھانے میں درج ہوا تھا جس کے بعد شک کی بنیاد پر خاتون کے شوہر عمران کو حراست میں لیا گیا تھا۔
خاتون کےشوہر نے پولیس کو بیان دیا کہ واردات انہوں نے نہیں بلکہ ان کی بیوی نے کی تھی۔ عمران کا مزید کہنا تھا کہ 20 تولہ سونا چوری کرنے کے بعد ان کی بیوی پہلے لاہور داتا دربار اور پھر سیہون شریف گئیں اور وہاں سے واپس آکر 17 تولہ سونا فروخت کرکے عمرہ ادائیگی کے لیے روانہ ہو گئیں۔
پولیس کے مطابق عمرے سے واپسی پر ملزمہ کو گرفتار کرلیا گیا اور اب وہ زیر تفتیش ہیں۔ ان کے قبضے سے 15 لاکھ روپے نقد اور 3 تولہ سونا برآمد کیا گیا ہے۔