5 ہزار کے کرنسی نوٹ پر پابندی سے متعلق نوٹیفکیشن جعلی
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)گزشتہ کئی روز سے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی 5 ہزار کے کرنسی نوٹ پر پابندی کی خبر کی حقیقت سامنے آگئی- حکومت نے اس وائرل نوٹیفیکیشن کو جعلی قرار دے دیا-
نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے سوشل میڈیا پر زیر گردش پانچ ہزار روپے کے کرنسی نوٹ پر پابندی کے حوالے سے نوٹیفکیشن کو جعلی قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان اس قسم کے جعلی نوٹیفکیشن پھیلانے والوں کیخلاف سخت کارروائی کریگی۔
جمعرات کو اپنے ٹویٹ میں وزیر اطلاعات نے بظاہر فنانس ڈویژن کے انٹرنل فنانس ونگ کے (جعلی) نوٹیفکیشن کی نقل کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ نوٹیفکیشن جعلی ہے۔
دریں اثناءوزارت اطلاعات کے ٹویٹر ہینڈلر ”فیکٹ چیکر“ نے بھی اس نوٹیفکیشن کو جعلی قرار دیا۔
ٹویٹر پر جاری بیان میں وزارت اطلاعات نے کہا کہ جعلی خبریں پھیلانا نہ صرف غیر اخلاقی و غیر قانونی ہے بلکہ یہ قوم کی بھی توہین ہے۔