پاسپورٹس کے فوری حصول کیلیے عازمین حج کو نئی سہولت مل گئی

ڈی جی پاسپورٹس نے خصوصی ڈیسک قائم کرنے کا اعلان کر دیا


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)ڈی جی پاسپورٹس کی جانب سے عازمین حج کے لیے خصوصی ڈیسک قائم کرنے کا اعلان کر دیا گیا جس کے تحت عازمین صرف 24 گھنٹے میں پاسپورٹس حاصل کر سکیں گے۔
ڈی جی پاسپورٹس مصطفیٰ جمال قاضی کے مطابق ہیڈ کوارٹرز سمیت تمام ریجنل دفاتر میں خصوصی ڈیسک قائم کیے جائیں گے اور یہ سہولت دنیا بھر میں قائم پاسپورٹ دفاتر میں بھی میسر آئے گی۔
ڈی جی پاسپورٹس کا کہنا تھا کہ خصوصی کاؤنٹرز پر عازمین حج کو ترجیحی بنیادوں پر ڈیل کیا جائے گا اور پاسپورٹس کی ڈلیوری 24 گھنٹوں میں یقینی بنائی جائے گی۔
واضح رہے کہ امسال سرکاری اسکیم کے تحت درخواست کے ساتھ 2 لاکھ روپے جمع کیے جارہے ہیں۔ قرعہ اندازی میں نام آنے پر 4 لاکھ، باقی رقم 10 فروری تک جمع کرانا ہوگی۔ سرکاری اسکیم کے لیے حج درخواستیں 3 دسمبر تک جمع کرائی جاسکتی ہیں۔ کوٹے سے زیادہ درخواستیں آنے پر ریگولر اسکیم کی قرعہ اندازی 6 دسمبر کو ہوگی۔
سرکاری کوٹے کی اسپانسرز شپ اسکیم پہلے آئیں پہلے پائیں کی بنیاد پر ہے۔ اسپانسرز شپ اسکیم کے لیے تمام رقم یکمشت ڈالروں میں جمع کرانا لازم ہے۔ گزشتہ برس حج درخواستیں کم آنے کے باعث درخواستیں جمع کروانے کے لیے 10 روز کی توسیع بھی دی گئی تھی۔