اسلام آباد میں کسی احتجاج کی اجازت نہیں، خلاف ورزی پر کارروائی ہوگی، وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے احتجاج کا مقصد ملک میں فساد پھیلانا ہے، اسلام آباد میں کسی احتجاج کی اجازت نہیں دیں گے، خلاف ورزی پر گرفتاریاں اور مقدمات درج ہوں گے۔
اسلام آباد میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ آج اسلام آباد ہائیکورٹ نے بھی کوئی جلوس یا ریلی نہ نکالنے کے احکامات دیے ہیں، اب اگر کوئی جلوس نکالتا ہے تو غیرقانونی ہوگا۔
عطااللہ تارڑ نے کہاکہ خیبرپختونخوا حکومت احتجاج میں سرکاری وسائل کا استعمال کرتی ہے، اس بار اگر احتجاج میں سرکاری افسران اور اہلکار شریک ہوئے تو ان کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔
انہوں نے کہاکہ ایک صوبے کا وفاق پر لشکر کشی کرنا سمجھ سے بالاتر ہے، ہم سرکاری وسائل کا بے دریغ استعمال روکیں گے۔
وزیر اطلاعات نے کہاکہ 24 نومبر کو بیلاروس کے صدر ایک وفد کے ساتھ پاکستان آرہے ہیں، اس لیے کسی احتجاج کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔
واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے 24 نومبر کو اسلام آباد میں احتجاج کی کال دی ہے، جس کی تیاریاں بھرپور طریقے سے جاری ہیں۔
دوسری جانب آج عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ 24 نومبر کا احتجاج ہر صورت ہوگا، عوام بھرپور شرکت یقینی بنائیں۔