پی ٹی آئی احتجاج: 24 نومبر کو جڑواں شہروں کے کون سے راستے بند ہوں گے؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے 24نومبر کو اسلام آباد میں احتجاج اور دھرنے کی کال سے نمٹنے کے لیے وفاقی حکومت نے اپنی حکمت عملی وضع کرلی ہے اور امن و امان کی صورتحال کو بہتر انداز سے نمٹنے کی خاطر اسلام آباد میں رینجرز اور اضافی ایف سی تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
دوسری جانب اسلام آباد پولیس کی جانب سے بھی ممکنہ احتجاج سے نمٹنے کے لیے تیاریوں کو حتمی شکل دی جا رہی ہے، اس ضمن میں یہ بھی طے کرلیا گیا ہے کہ دارالحکومت اسلام آباد کے کون سے راستے بند کیے جائیں گے۔
اسلام آباد پولیس ذرائع کے مطابق احتجاج کے پیش نظر اسلام آباد کو 24 مقامات پر بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، شہر کے تمام داخلی اور خارجی راستوں پر کڑی نگرانی اور پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات کی جائے گی۔
مری روڈ پر کنٹینرز لگا کر اسلام آباد آنے والا راستہ بند کر دیا جائے گا، اس کے علاوہ روات ٹی چوک پر بھی کنٹینرز لگائے جائیں گے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ فیض آباد سے اسلام آباد کے داخلی راستے پر بھی ڈبل کنٹینرز کی رکاوٹ لگائی جائے گی، 26 نمبر چنگی سے اسلام آباد کا داخلی راستہ بند ہوگا، سری نگر ہائی وے سے اسلام آباد میں داخلہ کنٹینرز لگا کر بند کیا جائے گا، نیو مارگلہ روڈ اور ایران ایونیو پر بھی کنٹینرز لگائے جائیں گے۔
احتجاج کے پیش نظر اسلام آباد میں 26 نمبر چنگی کو ٹیکسلا کے مقام سے کنٹینرز لگا کر سیل کیا جائے گا۔ فیض آباد، سیکٹر آئی 8، آئی جے پی روڈ اور مارگلہ روڈ کو بھی کنٹینرز لگا کر بند کردیا جائے گا۔
اس کے علاوہ سنگجانی، فیض آباد، سیکٹر جی 11 چوک، گولڑہ موڑ فلائی اوور اور انڈر پاس پر بھی کنٹینرز لگائے جائیں گے، احتجاج کی صورت میں ریڈ زون کو مکمل طور پر سیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔