عمران خان سمیت پی ٹی آئی قیادت کیخلاف ایک اور مقدمہ درج


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اسلام آباد میں پرتشدد مظاہرے کے بعد بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی سمیت متعدد پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف ایک اور مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
بانی پی ٹی آئی، بشریٰ بی بی، سابق صدر عارف علوی، علیمہ خان، علی امین گنڈاپور، عمر ایوب، شہریار ریاض، حماد اظہر اور اسد قیصر سمیت دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف راولپنڈی کے تھانہ نصیرآباد میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ مقدمے میں پی ٹی آئی قیادت سمیت 75 ملزمان کو نامزد کیا گیا ہے اور دہشتگردی سمیت مجموعی طور پر 16 دفعات شامل کی گئی ہیں۔
درج کیے گئے مقدمہ کے مطابق، بانی پی ٹی آئی نے 22 نومبر کو اڈیالہ جیل میں ملاقات میں اسلام آباد میں چڑھائی کے لیے اکسایا اور بشریٰ بی بی نے سوشل میڈیا پر جاری بیان سے کارکنان کو اشتعال دلایا۔ مقدمے کے متن کے مطابق، ملزمان نے سازش کے تحت سڑکیں بلاک کرکے عوام کا راستہ روکا اور ڈنڈوں، غلیل، کنچوں اور پتھروں سے پولیس افسران پر حملہ کیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز آئی جی اسلام آباد نے ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا تھا کہ اسلام آباد میں پرتشدد احتجاجی مظاہرہ کرنے کے خلاف پی ٹی آئی قائدین اور کارکنان کے خلاف دہشتگردی کی دفعات کے تحت 7 مقدمات درج کیے گئے ہیں۔
قبل ازیں، عمران خان اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کے خلاف 26 نومبر کو ہکلہ انٹرچینج کے قریب پولیس کانسٹیبل کی ہلاکت اور 3 اہلکاروں کے زخمی ہونے کا مقدمہ ٹیکسلا میں درج کیا گیا تھا۔
تھانہ ٹیکسلا میں پولیس کی مدعیت میں درج مقدمے میں عمران خان، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور، سالار خان کاکڑ، شاہد خٹک اور عمر امین گنڈاپور کو نامزد کیا گیا تھا، مقدمے میں تعزیرات پاکستان کی دفعہ 14 اور انسداد دہشتگردی ایکٹ کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں۔
اس سے قبل، بانی پی ٹی آئی عمران خان، بشریٰ بی بی اور علیمہ خان سمیت دیگر افراد کے خلاف 25 نومبر کو تھانہ ٹیکسلا میں انسداد دہشتگردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا، مقدمہ میں عارف علوی، اسد قیصر، علی امین، شہریار ریاض اور حماد اظہر کو بھی نامزد کیا گیا تھا۔