بلوچستان

بلوچستان میں پنک اسکوٹی اسکیم کا اجراء، خواتین کو بااختیار دیکھنا چاہتے ہیں،وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی

نوجوان کرپشن اور دہشت گردی کے خلاف بازو بنیں ، دہشت گردوں کو شکست دیں گے ،گورنمنٹ گرلز پوسٹ گریجویٹ ڈگری کالج کوئٹہ کی 50طالبات کو پنک اسکوٹیز کی فراہمی کی پروقار تقریب سے خطاب


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)وزیر اعلٰی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے صوبے میں طلبہ و طالبات کے لئے اسکوٹی اسکیم کے اجراء کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان کی ہر باصلاحیت اور پوزیشن ہولڈر طالبہ کو پنک اسکوٹی دیں گے اس اسکیم سے اساتذہ، طالب علم اور ملازمت پیشہ خواتین بھی فائدہ اٹھا سکتی ہیں ماہانہ اقساط پر اسکوٹی اسکیم کی پالیسی تشکیل دی جاررہی ہے جس کا دائرہ کار پورے صوبے تک پھیلایا جائے گا ۔

جمعہ کو گورنمنٹ گرلز پوسٹ گریجویٹ ڈگری کالج کوئٹہ کی 50 طالبات کو پنک اسکوٹیز کی فراہمی کی پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلٰی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ صوبے کی تاریخ میں پہلی بار طالبات کے لئے پنک اسکوٹی اسکیم متعارف کرارہے ہیں کوئی بھی طالبہ اس سے محروم نہیں رہے گی بلوچستان میں خواتین کو بااختیار دیکھنا چاہتے ہیں مائیں بہنیں بیٹیاں تعلیم یافتہ ہوکر معاشرے کی بہتری کیلئے اپنا کردار ادا کریں گی تو ہمارا معاشرہ آگے بڑھے گا خواتین کی ترقی کا خواب حقیقی روپ اختیار کر رہا ہے۔

آج بلوچستان میں 5 خواتین ڈپٹی کمشنر تعینات ہیں جو 30 مرد ڈپٹی کمشنرز سے اچھا کام کررہی ہیں اور ان کی کارکردگی نمایاں ہے ہر شعبہ زندگی میں خواتین کی حوصلہ افزائی کرکے انہیں ترقی کے یکساں مواقع فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہیں وزیر اعلٰی نے کہا کہ پاکستان کے خلاف منظم سازشیں ہورہی ہیں مختلف ممالک سے سوشل میڈیا اور آرٹیفیشل اینٹیلی جنس کے ذریعے نوجوانوں کی منفی ذہن سازی کی جاررہی ہے غیر متوازن ترقی کو لیکر ریاست کے خلاف نوجوانوں کو بھڑکایا جارہا ہے نوجوان دانشمندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حقائق کو سامنے رکھیں ، کسی بھی ملک ، صوبے یا علاقے میں ترقی کا یکساں پیمانہ نہیں ہوتا گرلز ڈگری کالج کوئٹہ کا موازنہ گرلز ڈگری کالج ڈیرہ بگٹی سے نہیں کیا جاسکتا ، غیر متوازن ترقی نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا میں پائی جاتی ہے اس مسئلے کو ہمارے ہاں ریاست سے متنفر کرنے کے لئے استعمال کیا جاررہا ہے نوجوان جھوٹے پروپیگنڈوں کو اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس سمیت عملی اقدامات کے زریعے مسترد کردیں ۔


وزیر اعلٰی نے کہا کہ مستونگ میں معصوم طالب علموں کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا، ہزارہ کمیونٹی اور بہادر خان ویمن یونیورسٹی کی بچیوں کا خون بہایا گیا، دہشت گردی کی ان تمام کارروائیوں کے باوجود ہمارے تعلیمی ادارے آباد ہیں نوجوانوں کی مدد سے دہشت گردی کا مقابلہ کریں گے اور اپنے تعلیمی ادارے ویران ہونے نہیں دیں گے طالب علم اور نوجوان کرپشن کے خلاف اپنے والدین کو آگے بڑھنے پر قائل کریں نوکری کے لئے کسی کو پیسے نہ دیں اگر کوئی رشوت طلب کرے تو اسکی ویڈیو بنائیں اور ہم تک پہنچائیں کرپشن میں ملوث عناصر کو نشان عبرت بنائیں گے۔


وزیر اعلٰی میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ اسمبلی میں پہلے روز وعدہ کیا تھا کہ کوئی نوکری نہیں بکے گی الحمدللہ ہم اپنے وعدے کی تکمیل کررہے ہیں معاشرے کا ہر غریب امیر باعث عزت ہے پشین میں میرٹ کے باعث ایک سوئپر کی بیٹی کو سرکاری ملازمت ملی جس کا ماضی میں تصور بھی نہیں کیا جا سکتا تھا پورے صوبے میں میرٹ کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہیں، بلوچستان کے نوجوان باصلاحیت ہیں تاہم مواقعوں کی کمی ہے نوجوانوں کو ترقی کے مواقع فراہم کرکے ان کے گلے شکوے اور ریاست سے دوری ختم کریں گے۔


وزیر اعلٰی نے طالبات کو مخالف کرتے ہوئے کہا کہ کرپشن کے خلاف نوجوانوں نے میرا بازو بننا ہے میرا ساتھ دینا ہے وعدہ کرتا ہوں کہ ایک روشن مستقبل کے لئے ایسی درست سمت کا تعین کریں گے جس سے نوجوانوں کی مایوسی ختم ہو اور وہ قومی ترقی میں اپنا کردار ادا کرسکیں ، وزیر اعلٰی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے گورنمنٹ گرلز پوسٹ گریجویٹ ڈگری کالج کوئٹہ میں پروفیسر ناظمہ طالب ایجوکیشن بلاک کی فوری تکمیل اور کالج میں آسٹرو اسٹف کا اعلان بھی کیا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید خان درانی نے کہا کہ وزیر اعلٰی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اپنا وعدہ پورا کر دیا صوبے میں تعلیمی اصلاحات کے تسلسل سے تعلیم کو فروغ حاصل ہوگا اور تعلیم نسواں کی شرح میں اضافہ ہوگا۔

تقریب میں ادارے کی پرنسیپل پروفیسر سعدیہ فاروقی نے پنک اسکوٹیز اور لیپ ٹاپ فراہمی سمیت پروفیسر ناظمہ طالب ایجوکیشن بلاک کی تعمیر اور ادارے کی سرپرستی پر وزیر اعلٰی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کی تاریخ میں پہلی بار اعلان کردہ اقدامات پر بہت مختصر وقت میں عمل درآمد ممکن ہوا جس کا سہرا میر سرفراز بگٹی کے سر جاتا ہے کالج انتظامیہ اور والدین میر سرفراز بگٹی کے شکر گزار ہیں، تقریب کے اختتام پر وزیر اعلٰی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے قرعہ اندازی کے ذریعے 50 بچیوں کے نام نکالے جن میں سے 48 بچیوں کو موقع پر پنک اسکوٹیز دے دی گئیں۔

جبکہ آخری 2 بچیوں کو آئندہ ہفتے اسکوٹیز فراہم کردی جائیں گی تقریب میں صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید خان درانی، صوبائی وزیر آبپاشی میر محمد صادق عمرانی، صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات میر سلیم خان کھوسہ، چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، گورنمنٹ گرلز پوسٹ گریجویٹ ڈگری کالج کوئٹہ کی پرنسیپل پروفیسر سعدیہ فاروقی سمیت متعلقہ افسران بھی موجود تھے

متعلقہ خبریں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *