پی ٹی آئی کے سابق رہنما نے نواز شریف سے معافی کیوں مانگی؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق رہنما جاوید بدر نے سربراہ مسلم لیگ (ن) نواز شریف کے نام عام معافی نامہ لکھا ہے کہ آپ کے خلاف الزام درازیوں، گستاخیوں اور جھوٹا پراپیگینڈا کرنے پر آپ سے، آپ کے خاندان اور تمام پارٹی سے عام معافی کا طلبگار ہوں اور اُمید کرتا ہوں کہ آپ میری ان غلطیوں کو ماضی کے دور کی جہالت اور نادانیت سمجھتے ہوئے مُعاف کردیں گے۔
تحریک انصاف کے سابق رہنما جاوید بدر نے لکھا کہ انہوں نے اپنی زندگی کے قیمتی 10سال سے زائد عمران خان کے ساتھ مل کر پاکستانی قوم کے بچوں کی غلط سیاسی تربیت کی ہے اور قوم کو صرف آپ کے خلاف ورغلانے کا کام کیا ہے۔ جھوٹے بیانیے بنائے میڈیا کو آپ کے خلاف استمعال کیا آپ کی کردار کشی کی جاتی رہی اور غلط راستے سے اقتدار کی کرسی حاصل کی آپ پر جھوٹے کیس بنوائے گئے اور جیل میں رکھا گیا لیکن اللہ کا انصاف برحق ہے آپ کو دوبارہ عزت و مقام ملا اور ہم معاشرتی ذلیل و خوار ہوگئے۔
جاوید بدر نے لکھا کہ تحریک انصاف والوں نے پاکستانی سیاست میں زہر گھول دیا ہے، نوجوانوں کے ذہنوں میں انتشار بھردیا ہے جس کا خمیازہ ہمیں آنے والے کئی سالوں تک بھگتنا پڑے گا۔
’عمران خان کو تب چھوڑا جب اُنہوں نے عثمان بزدار کو وزیر اعلیٰ پنجاب لگایا اور اپنی بیوی بشریٰ بی بی کو کرپشن کرنے کی کھلی اجازت دی، جس پر میں نے پارٹی میں آواز اٹھائی، اور احتجاج کیا لیکن میری سنوائی کے بجائے مُجھ پر ایف آئی اے کے ذریعے دباؤ ڈالا گیا، اور پی ٹی آئی کے غنڈوں کے ذریعے میرے گھر پر فائرنگ کروائی گئی۔ میرے اوپر ظلم کی داستان لمبی ہے آپ کو صرف عمران خان کو چھوڑنے کی وجہ بتانے کے لیے خط لکھا ہے‘۔
انہوں نے معافی نامے میں نواز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ تحریک انصاف کے ظلم سے تنگ آکر انہوں نے ملک چھوڑ دیا اور ابھی 3ماه قبل واپسی ہوئی۔ جس طرح پی ٹی آئی حکومت نے خزانہ خالی کیا اور انٹر نیشنل تعلقات خراب کیے ہماری پاک فوج کے خلاف شرانگیزی کی گئی۔
’ان بُرے حالاتوں میں آپ کی قیادت و رہنمائی میں جس طرح آپ کی پارٹی اور خاص طور پر موجودہ وزیر اعظم پاکستان جناب میاں شہباز شریف صاحب اور موجودہ وزیر اعلیٰ محترمہ مریم نواز صاحبہ نے حکومت کی باگ ڈور سنبھالتے ہوئے پاکستان میں دوباره استحکام پیدا کیا ہے اور انٹرنیشنل تعلقات کو بحال کیا ہے اس پر آپ کو اور آپ کی تمام ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں‘۔
تاہم، واضح رہے جاوید بدر نے پی ٹی آئی کے دور میں نجم سیھٹی کے خلاف نیب میں پی سی بی میں مالی بے ضابطگیوں کے حوالے سے دراخوست دائر کی تھی، جس میں لکھا گیا تھا کہ جب سے نجم سیٹھی کرکٹ بورڈ کے چیئرمین بنے ہیں، انہوں نے ایک بھی فنانشل رپورٹ پبلک نہیں کی، اس لیے نیب نجم سیٹھی کیخلاف فوری کارروائی کرے۔
ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی طرف سے نجم سیٹھی کو پاکستان کی کرکٹ تباہ کرنے کی ذمہ داری دی گئی تھی، کرکٹ کی شاہ خرچیوں پر پاکستانی عوام کے ایک ایک پیسے کا حساب نجم سیٹھی کو دینا ہوگا۔
جاوید بدر نے وفاقی حکومت سے بھی مطالبہ کیا تھا کہ نجم سیٹھی کا نام ای سی ایل میں ڈالیں تاکہ وہ بیرون ملک فرار نہ ہوسکیں۔ جاوید بدر نے 6جولائی 2019 کو ڈی سی لاہور کو بھی ایک شکایت کی تھی جس میں لکھا تھا کہ کرکٹ بورڈ میں کرپشن عروج پر ہے جس پر ڈپٹی کمشنر لاہور نے جلد از جلد تحقیقات شروع کرنے اور رپورٹ پیش کرنے کے لیے کرکٹ بورڈ کوخط تحریر کیا تھا۔