ایف بی آر کا یوٹرن، بیرون ملک سے ایک سے زائد موبائل فون ساتھ لانے کی اجازت بحال


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے بیگیج اسکیم کے تحت بیرون ملک سے ایک سے زائد موبائل فون لانے پر پابندی کا نوٹیفکیشن منسوخ کردیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، بیگیج اسکیم کے معاملے پر مشاورت ابھی مکمل نہیں ہوئی، ایک روز قبل یہ نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا جو اب منسوخ کردیا گیا ہے، بیگیج اسکیم پر مشاورت مکمل ہونے کے بعد حتمی نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، کسٹمز کے بیگیج رولز 2006 کے تحت بیرون ملک سے آنے والوں کو 2 موبائل فون لانے کی اجازت برقرار ہے۔ ایف بی آر نے 1200 ڈالر سے زائد کی کمرشل اشیا ساتھ لانے پر پابندی بھی ختم کردی ہے، رولز میں مجوزہ ترامیم پر مشاورت کے بعد حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ایف بی آر نے بیگیج اسکیم میں ترمیم سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کیا تھا جس کے تحت بیرون ملک سے کمرشل اشیا ساتھ لانے پر مکمل پابندی کا فیصلہ کیا گیا تھا اور بیرون ملک سے ذاتی استعمال کے لیے ایک موبائل فون لانے کی اجازت دی گئی تھی۔