گزشتہ روز گراوٹ کے بعد اسٹاک مارکیٹ آج پھر سنبھل گئی، وجہ کیا بنی؟
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی کا رجحان جاری ہے، کاروبار کے دوران آج بھی اسٹاک مارکیٹ میں 2 ہزار سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ہوا اور 100 انڈیکس ایک لاکھ 10 ہزار 930 پوائںٹس پر پہنچ گیا۔
اس حوالے سے اسٹاک مارکیٹ ایکسپرٹ شہریار بٹ نے وی نیوز سے گفتگو میں بتایا کہ گزشتہ روز ہم نے مارکیٹ میں بڑی گراوٹ دیکھی، اس کی وجہ یہ تھی کہ مسلسل 9 دن سے مارکیٹ بڑھتی جارہی تھی جس سے 12 ہزار پوائنٹس کا اضافہ دیکھنے میں آیا، جب اسٹاک مارکیٹ میں مسلسل اتنے پوائنٹس بڑھتے ہیں تو یقینی طور پر مارکیٹ میں کوریکشن کی گنجائش موجود رہتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مارکیٹ اور بورڈ ہوگئی تھی اور لیوریج کی پوزیشن بھی 51 ہزار پوائنٹس سے بڑھ چکی تھی، جس کی وجہ سے ہم نے کل مارکیٹ میں منافع دیکھا۔
شہریار بٹ کا کہنا ہے کہ اگر آج یعنی کاروباری ہفتے کے تیسرے روز کی بات کی جائے تو ہم آج مارکیٹ میں ایک بار پھر ریکوریز دیکھ رہے ہیں اور اس وقت مارکیٹ نے 2 ہزار پوائنٹس سے زائد کا اضافہ کرتے ہوئے ایک بار پھر ایک لاکھ 11 ہزار کی سطح کو عبور کرلیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مارکیٹ میں فنڈز آرہے ہیں، خاص طور پر میوچل فنڈز بہت زیادہ ایکٹیو ہیں، ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز 10 ملین ڈالر کی خریداری ہوئی ہے اور اگر دیکھا جائے تو اسٹیٹ بینک اپنی مانیٹری پالیسی میں شرح سود کم کرسکتا ہے اور یہی وجہ ہوگی کہ مارکیٹ میں پھر سے خریداری نظر آرہی ہے۔
اسٹاک مارکیٹ ایکسپرٹ محسن مسیڈیا کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز مارکیٹ نے کوریکشن لی تھی اور مائنس میں چلی گئی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ آج مارکیٹ نے باؤنس بیک کیا ہے اور اس وقت تک بہتر کارکردگی دکھا رہی ہے اور امید ہے کہ مستقبل میں بھی یہی کارکردگی دکھائی دے گی۔
محسن مسیڈیا کا کہنا ہے کہ کسی کو سزا ہو یا اس پر فردجرم عائد ہو، اس وقت اس کا مارکیٹ سے کوئی تعلق نہیں ہے، مارکیٹ توقعات کے عین مطابق اپنی کارکردگی دکھا رہی ہے جس کا اندازہ پہلے سے ہی ماہرین لگا چکے ہوتے ہیں۔