جعلسازی سے شناختی کارڈ حاصل کرنے والی 3 مفرور خواتین گرفتار

بنگلادیش سے تعلق رکھنے والی خواتین 2022 سے مطلوب تھیں، ایف آئی اے


کراچی (قدرت روزنامہ)جعلسازی کے ذریعے قومی شناختی کارڈ حاصل کرنے والی 3 مفرور خواتین کو گرفتار کرلیا گیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق کراچی میں ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل نے کارروائی کرتے ہوئے جعلسازی سے پاکستانی کارڈ حاصل کرنے والی 3 مفرور خواتین کو گرفتار کرلیا۔
بنگلا دیش سے تعلق رکھنے والی تینوں خواتین کو گلشن اقبال کے علاقے سے گرفتار کیا گیا۔ گرفتار ملزمان میں عائشہ ناز، حنا ناز، اور افشاں ناز شامل ہیں۔ تینوں خواتین 2022 سے مطلوب تھیں۔ ان خواتین نے غیرملکی ہونے کے باجود قومی شناختی کارڈ حاصل کیا۔
ترجمان کے مطابق ابتدائی تفتیش سے پتا چلا کہ ملزمان نے ایجنٹ کی مدد سے جعلی دستاویزات کی بنیاد پر برتھ اور ڈیتھ سرٹیفیکیٹ حاصل کئے۔ ملزمان کو سیکرٹری یونین کونسل، رضویہ سوسائٹی، لیاقت آباد ٹاون نے برتھ اور ڈیتھ سرٹیفیکیٹ جاری کئے۔ مذکورہ دستاویزات کی بنیاد پر بنگالی خواتین نے شناختی کارڈ حاصل کئے۔
گرفتار خواتین سے تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے۔ ملزمان کی سہولت کاری میں ملوث عناصر کے خلاف بھی تحقیقات کو وسیع کردیا گیا ہے۔ نادرا اہلکاروں کے ملوث ہونے کا تعین دوران تفتیش کیا جائے گا۔ ملزمان کی نشان دہی پر مزید گرفتاریاں بھی متوقع ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *