عینک والا جن ڈرامہ ٹیلی کاسٹ ہونے سے پہلے بلاول اور بختاور کیسے دیکھ لیتے تھے؟
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان ٹیلی ویژن کے بچوں کے ڈرامہ سیریل ’عینک والا جن‘ میں ہامون جادوگر کے کردار سے شہرت پانے والے اداکار حسیب پاشا کا کہنا ہے کہ ’عینک والا جن‘ آن ایئر ہونے سے 2 دن پہلے بلاول ہاؤس جاتا تھا جہاں اسے پہلے بلاول اور بختاور دیکھتے تاکہ وہ اگلے دن بچوں کو اسکول میں بتا سکیں کہ ڈرامے کی قسط میں کیا ہو گا اور اس کے ایک دن بعد عوام کے بچے دیکھتے تھے۔
حسیب پاشا (ہامون جادوگر) کا یہ کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہوا تو صارفین کی جانب سے اس پر خوب تنقید کی گئی۔ ایک صارف نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اسی لیے تو آج ملک کا یہ حال ہے۔
زرینہ نامی ایکس صارف لکھتی ہیں کہ ’یہ اقتدار کا نشہ ہے‘۔
ایک ایکس صارف نے کہا کہ جن کو آج تک اردو نہیں آتی انہیں بچپن میں خاک آنی تھی۔
رانا راشد الیاس لکھتے ہیں کہ بلاول اور بختاور پاکستان کے کس اسکول میں پڑھتے تھے اصل سوال یہ ہے۔
واضح رہے کہ 90 کی دہائی میں ڈرامہ سیریل ’عینک والا جن‘ نے بچوں اور بڑوں میں یکساں مقبولیت حاصل کی۔ ڈرامہ کوہ قاف کے جنوں، پریوں اور جادوگروں کی کہانیوں پر مبنی تھا۔ بچے جادوگروں پر مشتمل ڈرامے کو بہت شوق سے دیکھتے تھے جو ایک طلسماتی دنیا کی عکاسی کرتا تھا۔ مشہور ڈرامہ سیریل ’عینک والا جن‘ کے کرداروں نستور جن، زکوٹا، ہامون جادوگر اور بل بتوڑی کے کرداروں نے ذہنوں میں ان مٹ نقوش چھوڑے ہیں۔