صائم ایوب کو علاج کیلئے فوری لندن بھیجنے کا فیصلہ
چیئرمین پی سی بی کا اوپنر کو فون، خیریت دریافت کی
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے صائم ایوب کو فوری طور پر علاج کیلئے لندن بھیجنے کا فیصلہ کرلیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اوپنر صائم ایوب کو فون کرکے خیریت دریافت کی اور علاج میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
محسن نقوی کا کہنا ہے کہ لندن کے اسپورٹس آرتھو کے ماہر ڈاکٹرز صائم ایوب کا چیک اَپ کریں گے،جن کا اوپنر کیساتھ اپوائمنٹ طے کردیا گیا ہے۔
ڈاکٹر ممریز نے صائم ایوب کی تمام میڈیکل رپورٹس لندن بھجوا دی ہیں۔پی سی بی سربراہ کا کہنا تھا کہ صائم ایوب اسٹائلش زبردست بیٹر اور پاکستان کرکٹ کا اثاثہ ہیں، اوپنر کو پہلی دستیاب فلائٹ سے کیپ ٹاؤن سے لندن بھجوایا جائے گا جبکہ اسٹنٹ کوچ اظہر محمود بھی صائم ایوب کے ساتھ لندن جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ صائم ایوب کی انجری پر بہت تشویش ہے، انکا دنیا کے بہترین اسپتال میں چیک اپ اور علاج کرائیں گے۔ امید ہے کہ صائم ایوب چیمپئینز ٹرافی سے قبل مکمل صحتیاب ہو جائیں گے۔
خیال رہے کہ اوپنر صائم ایوب چیمپئینز ٹرافی سے قبل جنوبی افریقا کیخلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز انجری کا شکار ہونیوالے صائم ایوب کو ٹھیک ہونے میں کم از کم 4 سے 6 ہفتے کا لگ سکتے ہیں۔
میچ میں شارٹ تھرڈ مین باؤنڈری پر گیند کا پیچھا کرنے کی کوشش کی، اس دوران باؤنڈری لائن کے قریب قومی ٹیم کے اوپنر صائم کا دائیں ٹخنہ مڑ جانے سبب انجری کا شکار ہوئے تھے۔
انجری کے باعث اوپنر کو فوری طور پر دوسرے ٹیسٹ میچ سے باہر کردیا گیا ہے جبکہ انہیں فوری اسپتال منتقل کرکے اسکین کروایا گیا ہے۔
اوپنر کی رپورٹس پر مزید مشاورت کیلئے برطانوی ماہرین کی خدمات لی جائیں گی تاہم انہیں کرکٹ سے کتنا عرصہ دور رہنا پڑے گا اس پر کوئی بورڈ کا کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔