علی مدد جتک کی دوبارہ کامیابی خوش آئند ،مخالفین اپنی شکست تسلیم کریں، نواب ثنا اللہ زہری


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما و سابق وزیر اعلی بلوچستان، چیف آف جھلاوان نواب ثنا اللہ زہری نے کہا ہے کہ پی بی 45 کے حالیہ انتخابات میں پیپلزپارٹی کے امیدوار علی مدد جتک کی دوبارہ کامیابی خوش آئند ہے۔ انہوں نے مخالفین سے درخواست کی کہ وہ اپنی شکست کو تسلیم کریں۔نواب ثنا اللہ زہری نے پیر کو اپنے ایک بیان میں کہا کہ 8 فروری کے انتخابات میں پی پی پی کے جیالے علی مدد جتک نے کامیابی حاصل کی تھی، تاہم مخالفین نے اپنی شکست تسلیم کرنے کی بجائے اس کامیابی کو چیلنج کیا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی نے الیکشن ٹریبونل کے فیصلے کو تسلیم کیا اور اس کے مطابق انتخاب میں حصہ لیا۔انہوں نے کہا کہ علی مدد جتک کے حق میں دیگر امیدواروں کی دستبرداری اور پیپلزپارٹی کے مضبوط ووٹ بینک کے باعث مخالفین کو یہ کامیابی ہضم نہیں ہو رہی ہے اور اب وہ اپنی شکست پر احتجاج کر رہے ہیں۔ نواب زہری نے واضح کیا کہ 15 پولنگ اسٹیشنز پر پیپلزپارٹی کے امیدوار علی مدد جتک نے کامیابی حاصل کی اور ان نتائج کو تبدیل کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور عوام نے اپنا فیصلہ سنا دیا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *