معیاری تعلیم اور صحت کی سہولیات، حکومت ہدف کی طرف بڑھ رہی ہے: وزیراعظم شہباز شریف
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت بتدریج ہر پاکستانی کی معیاری تعلیم اور صحت کی سہولیات تک رسائی کے ہدف کی تکمیل کی طرف بڑھ رہی ہے۔
وزیراعظم نے آغاخان یونیورسٹی کراچی (AKU) میں صحت سے متعلق اداروں کے لیے جامع تحقیق کے بعد ترتیب دیے گئے ’مینول آف کلینیکل پریکٹس گائیدلائنز‘ کا اجرا کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آغاخان یونیورسٹی کراچی کی طرف سے کلینکل پریکٹیسز کے رہنما اصولوں پر مبنی یہ مینول پاکستان میں صحت کے شعبے میں اصلاحات کا ایک درخشاں باب ثابت ہوگا۔
وزیراعظم نےکہا کہ اسلام آباد میں بننے والے جناح میڈیکل کمپلیکس کی تعمیر میں آغاخان فاؤنڈیشن بغیر معاوضے کی کنسلٹنسی خدمات فراہم کررہا ہے۔ اس پر انہوں نے آغا خان فاؤنڈیشن کے صدر سلطان علی الانہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہ کہ پاکستان کی ترقی میں فاؤنڈیشن کا کردار لائق تحسین ہے۔
اس موقع پر مذکورہ مینول کے ایڈیٹر ان چیف ڈاکٹر عادل حیدر نے کہا اس سے قبل پاکستان میں اسپتالوں میں اس قسم کا مینول موجود نہیں تھا۔ 140 اصولوں پر مشتمل اس تحقیقی مینول سے پاکستان میں 2 کروڑ لوگوں کو براہ راست فائدہ پہنچے گا جبکہ اسپتالوں میں علاج معالجے اور خصوصاً آپریشن کے دوران ان اصولوں پر عمل درآمد ہونے سے سالانہ 280000 جانیں بچائی جاسکیں گی۔
اس موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف نے آغا خان یونیورسٹی میں ایک اجلاس میں بھی شرکت کی جس میں پاکستان بھر سے، صحت کے شعبے سے تعلق رکھنے والے 30 کے قریب ماہرین اور پالیسی ساز شریک تھے جنہوں نے ملک میں صحت کے شعبے میں اصلاحات، معیار میں بہتری اور صحت سے متعلق اداروں میں معاونت بڑھانے کے لیے تجاویز دیں۔
اجلاس میں ڈپٹی وزیر اعظم اسحٰق ڈار، گورنر سندھ کامران ٹیسوری، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سمیت دیگر حکام نے بھی شرکت کی۔
یاد رہے کہ پاکستان میں طب کے شعبے میں تحقیق پر مبنی مینول نہ ہونے سے مریضوں کو درپیش خطرات میں اضافہ ہوتا تھا۔ گزشتہ سال احتیاطی تدابیر پر عمل نہ ہونے سے ملتان کے نشتر ہسپتال کے ڈائلیسز وارڈز سے علاج کرنے والے 30 مریضوں میں ایڈز منتقل ہوگیا تھا۔