190 ملین پاؤنڈ کیس: ’برطانیہ سے آئی رقم سے پاکستان کو نقصان نہیں، 20 ارب کا منافع ہوا‘


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پی ٹی آئی کے جنرل سیکریٹری سلمان اکرم راجا نے کہا ہے کہ برطانیہ سے آنے والی رقم سے ریاست پاکستان کو نقصان نہیں بلکہ 20 ارب کا منافع ہوا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے جنرل سیکریٹری سلمان اکرم راجا نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں القادر ٹرسٹ اسکینڈل (190 ملین پاؤنڈ کیس) کے حوالے سے کہا ہے کہ برطانیہ سے رقم آنے میں اس وقت کے وزیراعظم عمران خان اور کابینہ کا کوئی کردار نہیں تھا اور اس معاملے پر ریاست پاکستان کو ایک پیسے کا نقصان نہیں بلکہ 20 ارب کا منافع ہوا۔
سلمان اکرم راجا نے کہا کہ برطانیہ میں پراپرٹی خطیر رقم پر خریدی گئی، تو وہاں تفتیش شروع کی گئی۔ برطانیہ میں مقدمہ قائم ضرور ہوا، مگر آگے نہیں چلا اور سیٹلمنٹ ہوئی۔ وزیراعظم اور کابینہ کی مداخلت کے بغیر برطانیہ میں معاہدہ ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ اس سیٹلمنٹ میں کہا گیا کہ رقم پاکستان واپس لے جائی جائے گی لیکن کہیں یہ نہیں کہا گیا کہ رقم ریاست پاکستان کی ہے۔ یہ رقم سپریم کورٹ میں جمع کرائی جانی تھی۔
پی ٹی آئی رہنما نے بتایا کہ یہاں درخواست آئی کہ این سی اے سے کیا گیا معاہدہ خفیہ رکھا جائے اور اس معاہدے کو خفیہ رکھنے کی درخواست کو بنیاد بنا کر پوری کہانی بنا کر اٹھائی گئی۔
سلمان اکرم راجا نے مزید کہا کہ برطانیہ سے آنے والی یہ رقم سپریم کورٹ کے اکاؤنٹ میں رہی اور اب تمام رقم قومی خزانے میں جا چکی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ نمل اور شوکت خانم اسپتال میں اربوں روپے آتے ہیں، اگر عمران خان نے پیسہ بنانا ہوتا تو وہاں سے بناتے۔
پی ٹی آئی جنرل سیکریٹری نے آج تیسری بار 190 ملین پاؤنڈ کیس کا فیصلہ ملتوی ہونے پر کہا کہ فیصلہ ملتوی کرنے کا مقصد شاید یہ تاثر دینا ہے کہ ڈیل ہو رہی ہے۔
سلمان اکرم راجا نے کہا کہ جب بھی فیصلہ آئے گا، تو عوام ، دنیا اور عدالتوں کے سامنے رکھیں گے۔ عمران خان کے خلاف نکاح عدت کیس اور سائفر کی طرح یہ مقدمہ بھی کوئی وقعت نہیں رکھتا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *