محکمہ اوقاف میں اربوں روپے کی کرپشن کا معاملہ، چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ آج سماعت کریں گے

کراچی (قدرت روزنامہ) محکمہ اوقاف میں اربوں روپے کی کرپشن، چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ آج سماعت کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ اوقاف میں اربوں روپے کی کرپشن، غیر قانونی بھرتیوں، سیکورٹی سمیت دیگر مسائل پر آج چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس احمد علی شیخ پر مشتمل دو رکنی بینچ سماعت کریگا۔درخواست گزار چیئرمین گلوبل فاؤنڈیشن احمد داؤد کا کہنا ہے کہ آڈیٹر جنرل سندھ کی 2017-18آڈٹ رپورٹ اور اینٹی کرپشن کی تحقیقاتی رپورٹ کیمطابق محکمہ اوقا ف نے ایک سال میں 1ارب روپے سے زائد کی کرپشن کی ہے جسکا کوئی ریکارڈ نہیں ہے جبکہ غیر قانونی بھرتیاں اور پروموشن بھی کیئے گئے ہیں۔

درخواست گزار نے موؤقف اختیار کیا ہے کہ مزارات میں نصب چندے کی پیٹیوں کا پیسہ کہاں جاتا ہے؟ چادر، پھولوں، واش روم، پارکنگ سمیت دکانوں کا کرایہ اور دیگر ذرائع سے ملنے والی رقم کہاں کہاں خرچ ہورہی ہے جبکہ حکومت سندھ کی جانب سے دیا جانا والا سالانہ بجٹ کہاں خرچ ہوتا ہے۔ آئی جی سندھ پولیش کی رپورٹ کیمطابق کراچی میں 313مزارات ہیں اور انکے لیے سیکورٹی پر معمور صرف 58پولیس اہلکار ہیں۔ اس حوالے سے آج چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ سماعت کریں گے۔