پی ٹی وی منافع بخش شراکت داری کا منصوبہ، 1232 عہدے ختم کرنے کی منظوری
کابینہ کمیٹی کے اجلاس میں ریاستی اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے اقدامات کی منظوری دی گئی
اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وفاقی کابینہ کی کمیٹی برائے سرکاری ادارہ جات نے ریاستی اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے اقدامات سمیت پاکستان ٹیلی ویژن کی ڈیجیٹل توسیع اور منافع بخش شراکت داری کی منظوری دیتے ہوئے سرکاری نشریاتی ادارے میں 1,232 غیرضروری عہدے ختم کرنے کی منظوری دے دی۔
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے سرکاری ادارہ جات کا اجلاس ہوا جہاں کاروباری اور اداروں کو منافع بخش بنانے کے لیے اہم اقدامات کی منظوری دے دی گئی۔
اجلاس میں کراچی ٹولز، ڈائیز اور مولڈ سینٹر کے بورڈ کی تشکیل نو کی منظوری دی گئی اور عبدالرزاق گوہر کو کراچی ٹولز کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا نیا چیئرمین مقرر کردیا گیا۔
ٹیکنالوجی اپگریڈیشن اینڈ اسکلز ڈیولپمنٹ کمپنی کے بورڈ کی تشکیل نو کی بھی منظوری دی گئی، محمد نورالدین داؤد ٹیکنالوجی اپگریڈیشن اینڈ اسکلز ڈیولپمنٹ کمپنی(TUSDEC) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین منتخب ہوگئے۔
وزیرخزانہ کی زیر صدارت اجلاس میں ریاستی اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے اقدامات کی منظوری دی گئی اور پی بی سی کے کاروباری منصوبے کا جائزہ لے کردو سال میں مالی خسارہ ختم کرنے کا ہدف دیا گیا ہے۔
اجلاس میں پی ٹی وی کی ڈیجیٹل توسیع اور منافع بخش شراکت داری کے منصوبے پیش کیے گئے اور پی ٹی وی کے 1,232 غیر ضروری عہدے ختم کرنے کی منظوری دی گئی۔
کمیٹی نے وزارت اطلاعات کو غیر استعمال شدہ اثاثے نجی شعبے کو فروخت کرنے کی ہدایت کی اور اداروں کے منصوبوں پر فوری عمل درآمد پر زور دیا۔