انٹرنیٹ مسائل کے باوجود پاکستان کی آئی ٹی برآمدات میں تاریخی اضافہ
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)ملک میں جاری انٹرنیٹ مسائل کے باوجود پاکستان کی آئی ٹی برآمدات تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق، دسمبر 2024 میں پاکستانی آئی ٹی مصنوعات کی برآمدات کا حجم 348 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو دسمبر 2023 کے مقابلے میں 15 فیصد زیادہ ہے۔
دسمبر 2023 میں ٹیکنالوجی مصنوعات کی برآمد سے ملک کو 303 ملین ڈالر زرمبادلہ حاصل ہوا تھا۔ نومبر کے مقابلے میں دسمبر میں ٹیکنالوجی مصنوعات کی برآمدات میں ماہانہ بنیاد پر 12 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
نومبر میں ٹیکنالوجی مصنوعات کی برآمدات کا حجم 310 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو دسمبر میں بڑھ کر 348 ملین ڈالر ہوگیا۔
ٹیکنالوجی کی برآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے 6 ماہ میں سالانہ بنیاد پر 28 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق، مالی سال کے پہلے 6 ماہ میں ٹیکنالوجی مصنوعات کی برآمد سے ملک کو 1.864 ارب ڈالر زرمبادلہ حاصل ہوا۔
یہ زر مبادلہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 28 فیصد زیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ٹیکنالوجی مصنوعات کی برآمد سے ملک کو 1.456 ارب ڈالر زرمبادلہ حاصل ہوا تھا۔