موسم سرما میں فلو، کھانسی اور انفیکشنز سے کیسے بچا جا سکتا ہے؟
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)ماہرین صحت نے سردیوں میں فلو، کھانسی سمیت سینے کے دیگر انفیکشنز سے بچنے اور مدافعتی نظام کی مضبوطی کے لیے تازہ سبزیاں اور پھل کھانے کا مشورہ دیا ہے۔
اتوار کو ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتےہوئے ڈاکٹر غالب آغا نے بتایا کہ سردی کی شدت میں اضافے کے ساتھ جسم کے مدافعتی نظام کو بھی بہت زیادہ متحرک ہونا پڑتا ہے، یہی وجہ ہے کہ سردیوں کے موسم میں مدافعتی نظام کمزور ہونے کے باعث فلو، کھانسی اور سینے کے انفیکشن میں اضافہ ہو جاتا ہے، جو ہر عمر کے شہریوں بالخصوص بچوں کو زیادہ متاثر کرتا ہے۔
ڈاکٹر غالب آغا نے تجویز کیا کہ قوت مدافعت بڑھانے کے لیے صحت مند غذا کا استعمال نہایت ضروری ہے، اس لیے شہریوں کو مشورہ ہے کہ وہ سبزیوں اور موسمی پھلوں سے بھرپور متوازن غذا کھائیں جو کہ ضروری غذائی اجزا اور اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرے ہوتے ہیں اور مدافعتی نظام کو مضبوط بنانے میں مدد دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ موسمی پھل اور سبزیاں ضروری غذائی اجزا، وٹامنز اور معدنیات سے بھرپور ہونے چاہییں۔ ان میں لیموں، شکرقندی، گاجر اور ہرے پتوں والی سبزیاں شامل ہیں جو قوت مدافعت کو بڑھانے میں مدد دے سکتی ہیں اور انسان کے مدافعتی نظام اور بیماری کے خطرے کو کم کرنے میں بھی معاون ثابت ہوتی ہیں۔
ڈاکٹر غالب نے شہریوں کو صحت کے بڑھتے ہوئے خدشات سے نمٹنے کے لیے قدرتی علاج اپنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے فلو، کھانسی اور سینے کے انفیکشن کی علامات کو دور کرنے کے لیے روایتی پاکستانی جڑی بوٹیوں والی چائے یا قہوہ پینے کی بھی سفارش کی۔
ڈاکٹر غالب آغا نے وضاحت کی کہ جڑی بوٹیوں اور مصالوں کے امتزاج سے تیار کیا جانے والا قہوہ قدرتی سوزش کو دور کرنے والی خصوصیات رکھتا ہے جو گلے اور سینے کو سکون پہنچاتا ہے اور کھانسی سے نجات دلاتا ہے۔