پیار میں دھوکا: پاکستانی نوجوان کی محبت میں گرفتار امریکی خاتون کراچی پہنچ کر دربدر ہوگئی
کراچی(قدرت روزنامہ)کراچی کے نوجوان کی محبت میں گرفتار امریکی خاتون پاکستان پہنچ گئی لیکن عمر زیادہ ہونے کے باعث نوجوان کے گھر والوں نے صاف انکار کردیا کہ یہاں شادی نہیں ہو سکتی۔ یہ سن کر نوجوان گھر سے غائب ہوگیا اور خاتون دربدر ہوگئی۔
کراچی کے علاقے گارڈن ویسٹ سے تعلق رکھنے والے 19 سال کے لڑکے کی محبت میں گرفتار ہوکر امریکی خاتون اونیا اینڈریو رابنسن پاکستان تشریف لائی۔
خاتون کا تعلق امریکا کی ریاست نیویارک سے ہے جس کی عمر 33 برس بتائی جارہی ہے۔ جو پہلے سے شادی شدہ اور دو بچوں کی ماں ہے۔
خاتون کراچی سے تعلق رکھنے والے نوجوان کی محبت میں گرفتار ہو کر شوہر سے طلاق لے کر اور بچوں کو وہیں چھوڑ کر پاکستان پہنچی۔
کراچی آنے کے لیے خاتون نے 5 اکتوبر 2024 کو ویزا کے لیے اپلائی کیا تھا اور اسے 9 اکتوبر کو پاکستان کا سیاحتی ویزا ایک ماہ کے لیے جاری کیا گیا تھا۔
خاتون کے کراچی پہنچنے پر لڑکے کے والدین یہ جان کر حیران ہوئے کہ خاتون ان کے بیٹے سے عمر میں تقریباً دو گنا بڑی ہے، اس کے علاوہ شوہر سے طلاق لے کر آئی ہے اور دوبچوں کی ماں بھی ہے۔
والدین کی ناراضی پر نوجوان اس خاتون کو چکمہ دے کر غائب ہوا تو خاتون جو رقم لائی تھی اس کی مدد سے کچھ دن گزارے اور پھر دربدر ہوگئی۔
گزشتہ 7 روز سے خاتون جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر موجود تھی، جہاں اس کی گورنر سندھ کامران ٹیسوری سے ملاقات ہوگئی۔
گورنر کامران ٹیسوری نے خاتون کو پریشانی کی حالت میں دیکھ کر فوری ویزا جاری کرا دیا جس کی مدت 11 فروری تک کے لیے ہے، گورنر نے خاتون کی امریکا واپسی کے لیے ٹکٹ کا بندوبست بھی کرا دیا ہے۔