بلوچستان میں غربت بہت زیادہ، معاشی عوامل کے ثمرات عام آدمی تک پہنچائے جائیں، گورنر بلوچستان


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)گورنربلوچستان جعفرخان نے کہا کہ ملک و قوم کی پائیدار ترقی اور خوشحالی میں مضبوط معاشی نظام کا کلیدی کردار ہے اور ضروری ہے کہ معاشی عوامل کے ثمرات عام آدمی تک پہنچائے جائیں.پاکستان میں دیگر صوبوں کے مقابلے بلوچستان میں غربت بہت زیادہ ہے اس ضمن میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کو ضلعی اور نچلی سطح پر وسعت دی جائے.ادارے کے تحت صوبے بھر میں سینکڑوں خالی آسامیوں پر بروقت افراد تعینات نہ کرنے کی وجہ سے یہاں کے غریب لوگ دستیاب ثمرات سے مستفید نہ ہو رہے ہیں.یہ بات آج انہوں نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے متعلق بریفنگ کے دوران کہی. بینظیر انکم سپورٹ پروگرام بلوچستان کے ڈائریکٹر جنرل جلال فیض بریفنگ دے رہے تھے. اس موقع پر پرنسپل سیکرٹری ٹو گورنر بلوچستان ہاشم خان غلزئی اور بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تیمور شاہ بھی موجود تھے.. گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کیلئے مزید آسانیاں پیدا کی جائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس سے استفادہ کر سکیں. انہوں نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام بلوچستان کے مالیاتی امور اور ادارے کی عمومی کارکردگی میں شفافیت اور بہتری آئی ہےتاہم اب بھی مزید کام کرنے کی ضرورت ہے. انہوں نے اس بات کو سراہا کہ نادرا اور ایف آئی اے کا تعاون بھی بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کو حاصل ہے. ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر جلال فیض نے گورنر بلوچستان ایک مسئلہ سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ کئی دورافتادہ علاقوں میں انٹرنیٹ کی سہولت نہ ہونے کی وجہ سے ہماری کارکردگی سست روی کا شکار ہے.جس پر گورنر بلوچستان نے امید ظاہر کی کہ مسقبل بھی مذکورہ ادارے بی آئی ایس پی کے ساتھ تعاون اور اشتراک جاری رکھیں گے. معاشرے کے محروم، نادار اور مستحق افراد کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کیلئے مزید اقدامات اٹھائیں گے۔