بلوچستان میں امن اور ترقی کیلئےمزید کام کی ضرورت ہے، جعفر مندوخیل
کوئٹہ(قدرت روزنامہ)گورنر بلوچستان شیخ جعفر مندوخیل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے میں قیامِ امن کی ذمہ داری صوبائی حکومت کی ہے، نہ کہ وفاق کی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان 1979 سے ایک تنازعاتی زون(کانفلیکٹ زون) رہا ہے، اور یہاں امن و امان کی صورتحال خراب کرنے میں بیرونی طاقتوں کا بھی ہاتھ ہے۔گورنر بلوچستان کا کہنا تھا کہ وہ نہیں سمجھتے کہ حکومت اس مقام پر پہنچ چکی ہے جہاں اپنی کارکردگی کی تعریف کی جائے، ابھی بہت سے امتحانات باقی ہیں اور مزید کام کرنے کی ضرورت ہے۔وفاقی حکومت کے مالی حالات پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وفاق کی کل آمدن 10 ہزار ارب روپے ہے، جبکہ اسی رقم کے برابر سود کی ادائیگی بھی کی جا رہی ہے، اس لیے اگر وفاق بلوچستان کو بقایا جات ادا کرے گا تو کہیں نہ کہیں سے فنڈز کا انتظام کرنا ہوگا۔انفراسٹرکچر کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ جعفر مندوخیل نے کہا کہ بلوچستان کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے وفاقی حکومت خود فنڈز فراہم کرے، کیونکہ اگر یہ رقم صوبے کے حوالے کی گئی تو اس کے صحیح استعمال کی ضمانت نہیں دی جا سکتی۔