پی ٹی آئی کی مینارپاکستان پر جلسہ عام کے انعقاد کی درخواست مسترد
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)ڈپٹی کمشنرلاہورسید موسیٰ رضا نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو مینار پاکستان لاہور میں جلسے عام منعقد کرنے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا ہے۔
جمعرات کو پی ٹی آئی پنجاب کی چیف آرگنائزر عالیہ حمزہ ملک اور این اے 117 لاہور کی علی اعجاز بھٹار کی جانب سے 8 جولائی 2025 کو مینار پاکستان پر سیاسی جلسے کے انعقاد کی اجازت اور این او سی کی درخواست نمٹا دی گئی ہے۔
درخواست گزاروں کی درخواست پر فیصلہ کرنے کے لیے معاملہ ڈسٹرکٹ انٹیلی جنس کمیٹی کے سامنے پیش کیا گیا تاکہ حالات و واقعات کا جائزہ لینے کے بعد درخواست پر فیصلہ کیا جا سکے۔
درخواست گزاروں کی جانب سے درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ وہ 8 فروری 2025 کو مینار پاکستان لاہور میں عوامی و سیاسی اجتماع منعقد کرنا چاہتے ہیں لہٰذا مذکورہ تاریخ اور مقام پر عوامی و سیاسی اجتماع منعقد کرنے کی اجازت دی جائے۔
ڈپٹی کمشنر کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق یہ معاملہ 6 فروری 2025 کو ہونے والے ڈسٹرکٹ انٹیلی جنس کمیٹی کے اجلاس میں بھی پیش کیا گیا اور کمیٹی نے متفقہ طور پراسے مسترد کرنے کی سفارش کی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کے جلسے کی اجازت مقررہ تاریخ پر دینا ممکن نہیں ہوگا۔ یہ فیصلہ بنیادی طور پر اس حقیقت کی وجہ سے کیا گیا تھا کہ فروری کا مہینہ پہلے ہی قومی اور بین الاقوامی اہمیت کے ہائی پروفائل واقعات و تقریبات سے بھرا ہوا ہے۔
ان تقریبات میں سہ فریقی ون ڈے سیریز، 9 فروری کو مشترکہ سی پی اے ایشیا اور ساؤتھ ایسٹ ایشیا ریجنل کانفرنس کا انعقاد، فیض فیسٹیول، ہارس اینڈ کیٹل شو 2025، آئی سی سی مینزچیمپیئن ٹرافی، لاہور لٹریری فیسٹیول اور رائے ونڈ تبلیغی اجتماع شامل ہیں، اس کے لیے سیکیورٹی کے وسیع انتظامات اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی تعیناتی کی ضرورت ہوگی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ لہٰذا اب رپورٹ اورریکارڈ کا جائزہ لینے کے بعد میں سید موسیٰ رضا، ڈپٹی کمشنر، لاہور کی رائے ہے کہ ڈسٹرکٹ انٹیلی جنس کمیٹی کی سفارشات کے مطابق درج بالا بنیادوں پر درخواست مسترد کی جاتی ہے۔