زرتاج گل بھی شیر افضل مروت کو پارٹی سے نکالے جانے کے فیصلے سے لاعلم نکلیں، ویڈیو وائرل

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کی رہنما اور ممبر قومی اسمبلی زرتاج گل قومی اسمبلی کے رکن شیر افضل مروت کو پارٹی سے نکالے جانے کے فیصلے سے لاعلم نکلیں۔
زرتاج گل کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس میں صحافی ان سے سوال کرتا ہے کہ شیر افضل مروت کو پارٹی سے نکال دیا ہے جس پر زرتاج گل حیرت سے کہتی ہیں کہ کس نے انہیں پارٹی سے نکالا ہے؟ اس پر صحافی انہیں بتاتا ہے کہ اڈیالہ جیل سے یہ اطلاع آئی ہے۔
زرتاج گل صحافی سے سوال کرتی ہیں کہ یہ انفارمیشن کس کے ذریعے سے آئی ہے؟ ساتھ ہی وہ کہتی ہیں کہ انہیں اس حوالے سے علم نہیں ہے۔
یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو صارفین کی جانب سے اس پر مختلف تبصرے کیے گئے۔
صحافی مہوش قمس خان لکھتی ہیں کہ زرتاج گل بھی شیر افضل مروت کو پارٹی سے نکالنے کے حوالے سے لاعلم ہیں تو آخر کون ہے وہ شخص جو شیر افضل مروت کو پارٹی سے نکالنے میں کامیاب ہو گیا ہے؟
ایک صارف نے طنزاً لکھا کہ زرتاج گل اکثر بے خبر ہی رہتی ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہدایت پر شیر افضل مروت کو شو کاز نوٹس جاری کیا گیا تھا۔ تاہم، پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت کو پارٹی سے نکالنے کے فیصلے پر لاعلم نکلے تھے۔
بیرسٹر گوہر نے پی ٹی آئی رہنما شیر افضل مروت کو پارٹی سے نکالے جانے کی خبروں پر لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کے پاس عمران خان کی جانب سے ایسی کوئی اطلاعات نہیں آئیں۔ اوریہ پارٹی کا اندرونی معاملہ ہے