جب حسن علی نے بھارتی لڑکی سے شادی کی خواہش ظاہر کی تو گھر والوں نے کیا کہا؟

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستانی فاسٹ بولر حسن علی کا کہنا ہے کہ ان کی اپنی اہلیہ سامعہ سے 2018 میں پہلی ملاقات ہوئی تھی اور ورلڈ کپ کے دوران انہوں نے فیصلہ کرلیا تھا کہ وہ شادی کرلیں گے۔
حسن علی نے حال ہی میں ایک پوڈ کاسٹ میں شرکت کی جہاں انہوں نے کرکٹ اور نجی زندگی کے حوالے سے مختلف موضوعات پر کھل کر بات کی۔ حسن علی نے بتایا کہ جب انہوں نے بھارتی لڑکی سے شادی کی خواہش کا اظہار کیا تو کسی نے کچھ نہیں کہا اور سب آسانی سے مان گئے تھے۔
فاسٹ بولر نے بتایا کہ وہ دبئی میں ایک دوست کے ذریعے اپنی اہلیہ سے ملے تھے اور جب انہوں نے شادی کا فیصلہ کیا تو سب سے پہلے اپنے بھائی کو سامعہ کے بارے میں بتایا کیونکہ وہ ان کے بہت قریب ہیں لیکن حسن علی کے مطابق ان کے بھائی نے انہیں سنجیدہ نہیں لیا اور کہا کہ ’کرکٹ پر فوکس کرو‘۔
کرکٹر نے مزید بتایا کہ جب انہوں نے اپنی والدہ سے شادی کی بات کی تو ان کی جانب سے میسج کیا گیا کہ ’آپ نے سوچا ہے تو کچھ اچھا ہی سوچا ہوگا‘ اور بھائی سامعہ سے ملنے دبئی پہنچ گئے۔
حسن علی کے مطابق ان کے اور ان کی اہلیہ کے خاندان کی جانب سے شادی کے لیے کسی قسم کا کوئی اعتراض سامنے نہیں آیا اور سب آرام سے مان گئے تھے لیکن جب وہ ورلڈ کپ کے لیے انڈیا گئے تب انہیں پتہ چلا کہ انہوں نے ایک انڈین لڑکی سے شادی کی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستانی فاسٹ بولر حسن علی اگست 2019 میں ہندوستان سے تعلق رکھنے والی سامعہ آرزو سے رشتہ ازداوج میں منسلک ہوئے تھے اور ان کی 2 بیٹیاں ہیں۔ جوڑے کی شادی کی مختصر تقریب دبئی کے ایک ہوٹل میں ہوئی تھی جہاں دونوں کے قریبی رشتہ دار اس خوشی کے موقع پر ان کے ساتھ تھے