خواتین کے عالمی دن پر ملک کے مختلف شہروں میں تقریبات، ریلیاں، مردوں کی بھی شرکت

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)خواتین کے عالمی دن پر ملک کے مختلف شہروں میں تقریبات کا اہتمام کیا گیا، جن میں مردوں نے بھی شرکت کی، اور خواتین کے حقوق کے لیے ان کے ساتھ کھڑے ہونے کا عزم کا اعادہ کیا۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں نیشنل پریس کلب کے باہر ہونے والے عورت مارچ میں خواتین نے اپنے حقوق کے لیے آواز بلند کی، اس مارچ میں مرد بھی خواتین کے ساتھ شریک تھے۔
شرکا نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر خواتین کے حقوق کے حوالے سے مختلف نعرے درج تھے۔
شہر قائد کراچی میں بھی خواتین اپنے حقوق کے لیے بات کرنے باہر نکلیں، کراچی میں ہوم بیسڈ ویمن ورکرز نے اسکاؤٹ آڈیٹوریم سے آرٹس کونسل تک ریلی نکالی، اور اپنے حقوق کے لیے نعرے لگائے۔
اس کے علاوہ آرٹس کونسل میں بھی ایک پروگرام کا انعقاد کیا گیا، عورت مارچ منتظمین نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعلان کیاکہ اس سال عورت مارچ رمضان کی وجہ سے مئی میں ہوگا۔
سندھ کے شہر حیدرآباد میں بھی خواتین نے ریلی نکالی، ان خواتین نے دریائے سندھ سے نہریں نکالنے کے خلاف نعرے بازی کی۔
وہاڑی میں بھی خواتین سماجی تنظیم کے زیراہتمام ہونے والے پروگرام میں شریک ہوئیں، جبکہ آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں خواتین احتجاج کے لیے نکلیں اور بھارت کے خلاف نعرے بازی کی۔