کوئٹہ،ماہ رمضان میں بھی مہنگائی عروج پر، شہریوں کا کوئی پرسان حال نہیں

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)کوئٹہ میں رمضان المبارک کا پہلا عشرہ اختتام پذیر ہونے والا ہے مہنگائی میں کمی نہ ہوسکی دکانداروں کی لوٹ مار اور گراں فروشوں نے مان مانے دام شروع کر رکھے ہیں روزہ داروں کا کوئی پرسان حال نہیں ضلعی انتظامیہ اور پرائس کنٹرول کمیٹی کی عدم توجہی کی وجہ سے سستا بازار میں بھی لوگوں کو ریلیف نہیں مل رہا۔کوئٹہ میں مرغی کا گوشت 600 روپے سے 670 روپے فی کلو، آلو 300 سے 400 روپے پانچ کلو، ٹماٹر 50 سے 80 روپے فی کلو، کدو 100 روپے کلو، پالک 50 روپے بنڈل، شلجم 50 سے 80 روپے کلو، پیاز ساڑھے 3 سو روپے کے پانچ کلو، ادرک 800 روپے کلو فروخت ہورہا ہے۔دودھ 200 روپے، دہی 250 روپے فی کلو فروخت ہورہا ہے جبکہ انتظامیہ اور پرائس کنٹرول کمیٹی کی جانب سے دودھ دہی، اشیاء خوردنوش کی نرخ ناموں پر دکاندار عملدرآمد کرنے کی بجائے اپنے ریٹ مقرر کرکے لوگوں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں۔انتطامیہ اور پرائس کنٹرول کمیٹی حکام صرف دعوؤں تک محدود رمضان المبارک کا پہلا عشرہ ختم ہونے تک عوام کو گراں فروشوں سے چھٹکارا نہیں دلایا جاسکا۔