دریائے سندھ میں سے کینالز نکالنے پر جی ڈی اے کا 14 مارچ کو سندھ بھر میں احتجاج کا اعلان

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)دریائے سندھ میں سے کینالز نکالنے پرگرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) نے 14 مارچ کو سندھ بھر میں احتجاج کا اعلان کر دیا۔
جی ڈی اے اور کینال مخالف تنظیموں کے رہنماؤں نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اگر دریائے سندھ پر کینالز بن گئیں تو مستقبل میں خطرنا ک نتائج ہوں گے۔
رہنماؤں کا کہنا تھا کہ گریٹر تھل کینال، جلال پور کینال، چولستان کینال سے پنجاب کی لاکھوں ایکڑ اراضی سیراب ہوگی، سندھ کی 35 لاکھ ایکڑ اراضی غیر آباد ہوجائے گی،ہماری زراعت تباہ ہوجائے گی۔
انہوں نے کہا کہ کینالز منصوبے پر پیپلزپارٹی کا رویہ منافقانہ ہے، اگر پیپلز پارٹی کینالز پر ن لیگ کے ساتھ نہیں تو حکومت سے الگ ہوجائے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز دریائے سندھ سے 6 نہریں نکالنے کے منصوبے کے خلاف حیدر آباد ، بدین ، نوابشاہ، نوشہروفیروز اور میہڑ سمیت دیگر شہروں میں احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں۔