صائم ایوب صحت یاب، لندن سے وطن واپس پہنچ گئے، ٹیم میں واپسی کب متوقع؟


لاہور (قدرت روزنامہ)پاکستان کے اسٹار بلے باز صائم ایوب لندن میں ری ہیب مکمل کرنے کے بعد وطن واپس پہنچ گئے، عید کے بعد دوبارہ ٹریننگ کا آغاز کریں گے۔
بدھ کے روز میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ ان کی کرکٹ میں واپسی کا فیصلہ طبی ماہرین کی رائے کی روشنی میں کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق صائم ایوب کی پی ایس ایل 10 میں شرکت یا عدم شرکت کا انحصار میڈیکل ماہرین کی رائے پر ہوگا۔ ان کے مکمل صحت یاب ہونے کے بعد ہی پشاور زلمی میں ان کی شمولیت کا حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔
چوٹ کی وجہ سے صائم ایوب آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں قومی ٹیم کا حصہ نہیں بن سکے جس سے ٹیم کو اہم اور فارم میں موجود بلے باز کے نہ ہونے کی وجہ سے بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔
اس سے قبل صائم ایوب ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل کرکٹ میں جنوبی افریقہ سمیت کئی ٹیموں کے خلاف شاندار اننگز کھیل چکے ہیں تاہم رواں سال جنوری میں جنوبی افریقہ کے خلاف ایک ٹیسٹ میچ کے دوران وہ انجری کا شکار ہوگئے تھے جس کے بعد انہیں علاج کے لیے برطانیہ بھیجا گیا تھا۔
اطلاعات کے مطابق صائم ایوب کراچی میں اپنی فیملی کے ساتھ عید منانے کے بعد دوبارہ ٹریننگ کا آغاز کریں گے۔ وہ پی ایس ایل 10 کے لیے پشاور زلمی کا حصہ ہیں اور جلد کرکٹ میں واپسی کے لیے پرعزم ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *