بجلی کی قیمتوں میں کمی کا خیر مقدم، ’حق دو عوام کو‘ تحریک آگے بڑھائیں گے، حافظ نعیم


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے بجلی کی قیمتوں میں کمی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارا اب بھی یہی مؤقف ہے کہ بجلی کا بل اوسط لاگت کے مطابق ہونا چاہیے۔
سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اپنی ٹوئٹ میں حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ یہ جماعت اسلامی کی تحریک کی بڑی کامیابی ہے۔ ہمارا اب بھی یہی موقف ہے کہ بجلی کا بل اوسط لاگت کے مطابق ہونا چاہیے۔
انہوں نے لکھا ہے کہ مایوسی کے دور میں نوجوانوں کے لیے پیغام ہے کہ جدوجہد کے نتائج سامنے آتے ہیں، جو حکومت آئی پی پیز سے بات کرنے کو تیار نہ تھی اس نے نہ صرف معاہدوں پر نظر ثانی کی بلکہ فی یونٹ قیمتوں میں کمی کا اعلان بھی کیا۔
حافظ نعیم الرحمان نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ’حق دو عوام کو‘ تحریک آگے بڑھائیں گے۔
یاد رہے کہ گزشتہ برس جماعت اسلامی نے بجلی کے بلوں میں ہوشربا اضافوں اور آئی پی پیز کیخلاف کئی روز تک دھرنا دیا تھا، جس کا اختتام حکومت سے ہوئے مذاکرات میں اس یقین دھانی کے ساتھ ہوا تھا کہ حکومت بجلی کے نرخ کم کر دے گی۔
واضح رہے کہ آج وزیراعظم پاکستان شہبازشریف نے فی یونٹ بجلی کی قیمت میں 7 روپے 41 پیسے کمی کا اعلان کیا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *