عمران خان جیب کترا تھا، ہم نے مہنگائی کم کرکے ناممکن کو ممکن کر دکھایا، وزیر دفاع خواجہ آصف

سیالکوٹ(قدرت روزنامہ)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ عمران خان جیب کترا تھا، اب کہتا ہے کہ جب تک میں جیل سے باہر نہیں آ جاتا میری پارٹی میٹنگ میں شریک نہیں ہوگی۔
سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ہماری حکومت نے مہنگائی کم کرکے ناممکن کو ممکن کر دکھایا، کوئی سوچ بھی نہیں سکتا تھا کہ ملک میں مہنگائی کی شرح ڈیڑھ فیصد پر آ جائے گی۔
انہوں نے کہاکہ عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف کی جانب سے بھی ملکی ترقی کی تعریف کی جارہی ہے، ہمارے مخالفین نے امریکا کو بیان دینے کا کہا لیکن اُدھر سے بھی کوئی بیان نہ آیا۔
خواجہ آصف نے کہاکہ سیاست دان جب مل بیٹھتے ہیں تو اختلافات کا حل نکل آتا ہے، لیکن عمران خان نے اس کے لیے اپنی رہائی کی شرط عائد کردی ہے۔
انہوں نے کہاکہ اس وقت ملک ترقی کررہا ہے، ہماری اسٹاک ایکسچینج ایک لاکھ 20 ہزار کی حد عبور کرگئی، جو ایک ریکارڈ ہے۔
خواجہ آصف نے کہاکہ مریم نواز پنجاب کی ترقی کے لیے بھرپور کام کررہی ہیں، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے بجلی کی قیمتوں میں کمی کرکے عوام کو ریلیف دیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ سیالکوٹ کھاریاں موٹروے جون تک شروع ہو جائے گی، ملک میں جب جب مسلم لیگ ن کی حکومت قائم ہوئی، ہر طرف تعمیر و ترقی نظر آئی۔
انہوں نے کہاکہ پاک افواج قربانیاں دے کر ملک کی حفاظت کررہی ہیں، کیوں کہ اس وقت خیبرپختونخوا اور بلوچستان دہشتگردی کی زد میں ہیں۔
وزیر دفاع نے کہاکہ میں بھی ماضی میں قید کاٹ چکا ہوں، ہمیں لنگر کا کھانا دیا جاتا تھا لیکن عمران خان کو مرضی کے کھانے کی اجازت ہے۔
خواجہ آصف نے کہاکہ عمران خان کو فی الحال نوبل پرائز نہیں 14 سال قید کی سزا ملی ہے، انہوں نے اوورسیز پاکستانیوں سے پیسے نہ بھیجنے کی اپیل کی تھی لیکن ان کی یہ چال بھی ناکام ہوگئی۔