بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی جانب سے تعلیمی اداروں میں قائم کینٹینز کی انسپیکشن و حفظان صحت کے اصولوں بارے طلبہ کو آگاہی فراہم کرنے کیلئے خصوصی مہم کا آغاز!

کوئٹہ (قدرت روزنامہ)بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے تعلیمی اداروں کی کینٹینز کی انسپیکشن اور طلبہ کو حفظان صحت کے اصولوں سے متعلق آگاہ کرنے کیلئے خصوصی مہم کا آغاز کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں بی ایف اے کی خصوصی ٹیم نے اسلامیہ گرلز اسکول اور اسلامیہ گرلز کالج کوئٹہ کی کینٹینز کا تفصیلی معائنہ کیا، جہاں ناقص اور غیر معیاری خوردنی اشیاء کا سختی سے نوٹس لیا گیا۔علاوہ ازیں اسکول و کالج ہذا کے طلبہ کو حفظان صحت کے اصولوں سے بھی آگاہ کیا گیا، بالخصوص غیر معیاری اور ممنوعہ خوردنی اشیاء مثلاً کاربونیٹڈ مشروبات و گلی کوچوں میں فروخت ہونے والی ناقص خوراک کے انسانی صحت پر مضر اثرات بارے تفصیل سے آگاہی دی گئی۔ ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی وقار خورشید عالم کا اس سلسلے میں کہنا ہے کہ صحت مند طلبہ ایک محفوظ مستقبل کی ضمانت ہیں۔ بچوں کی بہتر نشوونما اور تعلیمی کارکردگی کے لیے ضروری ہے کہ انہیں گھر کے ساتھ ساتھ تعلیمی اداروں میں بھی محفوظ ، معیاری اور غذائیت سے بھرپور خوراک میسر ہو۔ اتھارٹی کی مہم کا مقصد تعلیمی اداروں میں معیاری خوراک کی دستیابی کو یقینی بنانا ، بچوں میں صحت بخش غذائی عادات کا فروغ اور بچوں کو ایک محفوظ و صحت مند تعلیمی ماحول کی فراہمی میں کردار ادا کرنا ہے۔ مزید برآں اسکول اور کالج کی انتظامیہ اور اساتذہ نے بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے اس اقدام کو سراہا اور اسے بچوں کی بہتر صحت کے لیے ایک اہم پیش قدمی قرار دیا۔