پاکستان کا سب سے بڑا اثاثہ ہمارے نوجوان ہیں، گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل

گورنر بلوچستان کا بیوٹمز یونیورسٹی میں پیغام پاکستان کی مناسبت سے ایک روزہ سیمینار کے شرکاءسے خطاب


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے بیوٹمز یونیورسٹی میں پیغام پاکستان کی مناسبت سے ایک روزہ سیمینار کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کا شاندار سیمینار ایک بروقت اور خوش آئند اقدام ہے۔ آپ نوجوانوں کو بروقت اور مناسب تربیت فراہم کر کے ہی انھیں درست راستے پر گامزن کر سکتے ہیں لیکن تربیت دینے اور پند و نصحت کرنے والے اس پر خود بھی عمل کریں تاکہ وہ نئی نسل کیلئے ایک رول ماڈل بن جائیں۔ واضح رہے کہ ہمارے نوجوان نہ صرف ہمارے مستقبل کے معمار ہیں بلکہ ہمارے حال کے شراکت دار بھی ہیں۔
اس موقع پر بیوٹمز یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد حفیظ، اسلامک ریسرچ انسٹیٹیوٹ اسلام آباد ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ضیاء الحق اور پرو وائس چانسلر ڈاکٹر میروائس کاسی سمیت یونیورسٹی اسٹوڈنٹس کی ایک بہت بڑی تعداد بھی شریک تھی۔ ایک روزہ سیمینار کے شرکاءسے خطاب میں گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل کا کہنا تھا کہ انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد اور اسلامک ریسرچ انسٹیٹیوٹ کی شعوری کوششوں سے منعقدہ ایک کامیاب سیمینار کے بہت جلد مثبت نتائج برآمد ہوں گے جو ملک اور صوبہ کو اتحاد اور پائیدار امن کے قریب لے جائینگے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا سب سے بڑا اثاثہ ہمارے نوجوان ہیں جو حب الوطنی کے جذبے اور شاندار صلاحیتوں سے بھرپور ہیں۔ اس وقت ہمیں انتہا پسندی، تشدد، فرقہ واریت اور نفرت کے چیلنجوں سے نمٹنا ہیں جو ہمیں تقسیم کرتے ہیں۔ قومی اتحاد اور فکری ہم آہنگی کو فروغ دیکر ہم اپنی قوم کی حقیقی صلاحیتوں کو کھول سکتے ہیں۔گورنر مندوخیل نے کہا کہ پیغام پاکستان سیمینار میں پائیدار امن اور نوجوانوں کی ترقی کو آولیت دینا ہم آپ خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ واضح رہے کہ ہمارے نوجوان نہ صرف ہمارے مستقبل کے معمار ہیں۔
بلکہ ہمارے حال کے شراکت دار بھی ہیں۔ ہمیں ان کی پوشیدہ صلاحیتوں کو ملک کی تعمیر و ترقی کیلئے بروئے کار لانے کے مواقع اور ضروری سہولیات فراہم کرنی ہوگی ۔انہوں نے کہا کہ ہم سب ایک زیادہ مستحکم، مضبوط اور ترقی یافتہ پاکستان کی تعمیر کیلئے ملکر کام کریں جسکی رہنمائی آئین پاکستان اور جمہوری اصولوں پر ہو۔ تفرقہ انگیز عوامل کو ختم کرکے اور وسیع قومی اتفاق کو فروغ دیکر ہم ترقی اور پیشرفت کی نئی بنیاد رکھ سکتے ہیں آخر میں گورنر بلوچستان نے کہا کہ اب وقت آپہنچا ہے کہ ہم اپنے اکابرین کے خوابوں کو شرمندہ تعبیر کریں اور پاکستان کو ترقی، امن اور خوشحالی کی نئی بلندیوں پہنچائیں۔