کوئٹہ میں مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک شخص قتل، گڈانی ساحل پر تفریح کیلئے آئے باپ، بیٹا ڈوب گئے


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے ایک شخص کو قتل کردیا۔ پولیس کے مطابق پیر کو کوئٹہ کے علاقے سبزل روڈ پودگلی چوک پر نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے ایک شخص کو قتل کردیا اور موقع سے فرار ہوگئے۔ مقتول کی شناخت اللہ بخش کے نام سے ہوئی۔ پولیس نے لاش ہسپتال منتقل کرکے کارروائی شروع کردی۔ گڈانی کے ساحل پر افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں سیر و تفریح کے لیے آئے ایک باپ بیٹے کی جان سمندر نے نگل لی۔ کراچی کے علاقے بنارس کٹی پہاڑی کے رہائشی کریم شاہ اپنے خاندان کے ساتھ گڈانی ساحل پر آیا تھا۔تفصیلات کے مطابق کریم شاہ کا 12 سالہ بیٹا عبید سمندر میں نہاتے ہوئے اچانک تیز موجوں کی لپیٹ میں آ گیا۔ بیٹے کو بچانے کے لیے باپ نے سمندر میں چھلانگ لگائی لیکن وہ خود بھی موجوں کی زد میں آ کر ڈوب گیا۔مقامی افراد کے مطابق کریم شاہ کرائے کے مکان میں مقیم تھا اور انتہائی محنت کش انسان تھا۔ یہ افسوسناک واقعہ ساحلی تفریح کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار نہ کرنے اور ریسکیو سہولیات کی کمی کا نتیجہ قرار دیا جا رہا ہے۔