پنجگور میں فائرنگ کے واقعات، ایک شخص جاں بحق، 2زخمی، ایک نوجوان کی لاش برآمد
امن و امان کی بگڑتی صورتحال پر شہریوں میں شدید تشویش، عوام کو تحفظ فراہم کیا جائے، مطالبہ

پنجگور (قدرت روزنامہ )پنجگور میں امن و امان کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہوچکی ہے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں ایک شخص جاں بحق، دو زخمی جبکہ ایک نوجوان کی گولیوں سے چھلنی لاش برآمد ہوئی ہے، جس کے باعث شہری شدید خوف و ہراس کا شکار ہوگئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق پنجگور کے علاقے عیسئی سورگ میں نامعلوم مسلح افراد نے ایک گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں نظام نامی شخص موقع پر جاں بحق جبکہ اس کا ساتھی شبیر احمد شدید زخمی ہوگیا۔ اسی طرح پنجگور کے علاقے تسپ میں فائرنگ سے اورنگزیب نامی شہری زخمی ہوا۔ادھر پنجگور کے علاقے گرمکان ندی کور سے ایک نوجوان کی گولیوں سے چھلنی لاش برآمد ہوئی۔ خاندانی ذرائع کے مطابق مقتول ایک روز قبل گھر سے پیدل نکلا تھا اور لاپتہ ہوگیا تھا۔ بعد ازاں اس کی لاش ندی کور سے ملی، جسے ضروری قانونی کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کر دیا گیا۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔پے در پے پرتشدد واقعات کے بعد پنجگور کے عوام میں شدید اضطراب پایا جاتا ہے۔ شہری حلقوں اور سماجی تنظیموں نے حکومت، پولیس اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر امن و امان کی بحالی کے لیے مثر اقدامات کیے جائیں اور شہریوں کو جان و مال کا تحفظ فراہم کیا جائے۔