گاڑی نہ روکنے پرپولیس اہلکاروں کی مبینہ فائرنگ سے ایک نوجوان جاں بحق، 2 زخمی

لاہور(قدرت روزنامہ) کوٹ رادھاکشن میں گاڑی نہ روکنے پولیس اہلکاروں کی مبینہ فائرنگ سے ایک نوجوان ہلاک دو زخمی ہوگئے، نواحی گاؤں متا کے رہائشی گزشتہ رات قصور کھانا کھانے گئے تھے، واپسی پر راجہ جنگ بس اسٹاپ کے قریب پہنچے تو پولیس کے روکنے پر گاڑی تھوڑی دور جاکر رُکی جس پر پولیس اہلکاروں نے فائرنگ کردی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کوٹ رادھا کشن کے نواحی گاؤں متا کے رہائشی نوجوان اصغر، رمضان اور عبدالجبار تینوں گزشتہ روز کھانا کھانے قصور گئے، کھانا کھا کر جب رات ایک بجے واپس راجہ جنگ بس اسٹاپ کے قریب پہنچے تو وہاں ناکے پر پولیس اہلکاروں نے رکنے کا اشارہ کیا، لیکن گاڑی تھوڑی دور جا کر رک گئی، گاڑی رکنے پر پولیس موبائل میں سوار اہلکاروں نے فائرنگ کردی، پولیس اہلکاروں کی مبینہ فائرنگ سے ایک 32 سالہ جوان اصغر جاں بحق جبکہ عبدالجبار اور رمضان شدید زخمی ہوگئے۔

دونوں زخمیوں کو لاہور ہسپتال میں منتقل کردیا گیا جبکہ جاں بحق جوان کی نعش ڈی ایچ کیو قصور پہنچا دی گئی۔ لواحقین کا کہنا ہے کہ کار تھوڑی دور رک گئی تھی لیکن پولیس موبائل میں سوار اہلکاروں نے مبینہ طور پر فائرنگ کردی۔ دوسری جانب واقعے کی اطلاع ملتے ہی اعلیٰ حکام موقع پر پہنچ گئے، ڈی پی او قصور صہیب اشرف نے تحقیقات کے بعد ایف آئی آر درج کرنے کا حکم دے دیا، واقعے میں ملوث پانچوں پولیس اہلکاروں کیخلاف ایف آئی آر درج کرلی گئی جن میں چار پولیس اہلکاروں کو گرفتار بھی کرلیا گیا ہے جبکہ ایس ایچ او موقع سے فرار ہوگیا۔
سرکاری نیوزایجنسی کے مطابق پولیس ذرائع نے بتایا کہ نواحی گاؤں متا کے رہائشی عبدالجبار اور اصغر وغیرہ گاڑی پر جارہے تھے ، راجہ جنگ کے قریب پولیس نے کار روکنے کا اشارہ کیا ، نہ روکنے پرپولیس نے فائرنگ کر دی، پولیس کی فائرنگ سے اصغر موقع پرجاں بحق جبکہ عبدالجبار اور رمضان شدیدزخمی ہوگئے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیوکی ٹیمیں موقع پر پہنچیں، نعش کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرہسپتال قصور جبکہ زخمیوں کو لاہور ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ڈی پی اوقصور صہیب اشرف نے میڈیا کو بتایا کہ فائرنگ کرنے والے پولیس ملازمین اے ایس آئی وسیم، کانسٹیبلان شاہد، سجاد اور ایوب کو گرفتارکرکے مقدمہ درج کرکے حوالات میں بند کردیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کسی سے زیادتی برداشت نہیں کروں گا خواہ وہ پولیس اہلکار ہویا کوئی اور، میرٹ پر کام کرنے کا عادی ہوں، کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت ہرگز نہیں دی جائے گی۔

WhatsApp
Get Alert