وزیر اعلیٰ بلوچستان ضلع پشین میں غیر قانونی الاٹمنٹوں کو منسوخ کرے، سردار امجد ترین

عوام کے زمینوں پر ناراو قبضوں کی کسی کو اجازت نہیں دے سکتے ۔ عمر خان ترین اجلاس سے خطاب
پشین(قدرت روزنامہ) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی ضلع پشین کے ضلعی ایگزیکٹیوز کا اجلاس زیر صدارت ضلعی سیکرٹری عمر خان ترین منعقد ہوا۔اجلاس میں پارٹی کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری سردار امجد خان ترین نے شرکت کی ۔ اجلاس میں تنظیمی کارکردگی کا گہرائی سے جائزہ لیا گیا جس پر تفصیلی بحث ہوئی اور بعد میں رپورٹ پر اظہار اطمینان کیا گیا۔ اجلاس میں اراکین کو مختلف علاقائی یونٹس کی زمہ داریاں سونپی گئی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پشتونخوا میپ کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری سردار امجد خان نے کہا کہ وزیراعلی بلوچستان اور صوبائی کابینہ کے ارکان، صوبائی سیکرٹریز اور کمشنر کوئٹہ ڈویژن 20 مئی کو پشین کے تحصیل برشور کے دورے پر آرہے ہیں پشتونخوا ملی عوامی پارٹی پشین مطالبہ کرتی ہے کہ تحصیل برشور سمیت ضلع پشین میں ناروا اور ناجائز الاٹمنٹ منسوخ کیا جائے۔ اور وزیراعلی سے مطالبہ کرتے ہیں کہ برشور میں عوام کے سامنے مذکورہ الاٹمنٹ کی فوری منسوخی کا اعلان کرے۔ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی یہ سمجھتی ہے کہ پشین کے ناروا طریقے سے الاٹ شدہ زمینیں پشین کے عوام کی حق ملکیت ہے جو ہم کسی اور کو کسی بھی نام پر غصب کرنے نہیں دیں گے۔انہوں نے پارٹی کارکنوں پر زور دیا کہ وہ پارٹی کی جدوجہد میں اپنا فعال کردار ادا کرتے ہوئے اپنے وطن اس کے وسائل، جغرافیہ سے باخبر اور اس کی دفاع میں ہر ظالم ، جابر، قبضہ گر کے خلاف متحد ومنظم ہو۔