خیبر پختونخوا میں دہشتگردی کے واقعات میں خواتین کے بھی ملوث ہونے کا انکشاف، چونکا دینے والی تفصیلات سامنے آگئیں

پشاور(قدرت روزنامہ)خیبر پختونخوا میں دہشتگردی کے واقعات میں خواتین بھی ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے ۔محکمہ انسداد دہشت گردی ( سی ٹی ڈی ) کی پورٹ کے مطابق صوبے کے 7 اضلاع میں مجموعی طور پر 67 خواتین دہشتگردی کے مختلف واقعات میں ملوث پائی گئی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق دہشتگردی کے الزامات میں 49 خواتین کو گرفتار کیا جا چکا ہے جبکہ 4 خواتین سیکیورٹی فورسز کے آپریشنز میں مار دی گئی ہیں۔ مزید یہ کہ 14 خواتین اب بھی مختلف مقدمات میں مطلوب ہیں۔
سی ٹی ڈی کے مطابق ان خواتین کا تعلق مختلف کالعدم تنظیموں سے رہا ہے اور انہیں دہشتگردی کی منصوبہ بندی، سہولت کاری، اور حملوں میں براہ راست یا بالواسطہ طور پر ملوث پایا گیا۔ سی ٹی ڈی حکام کے مطابق ان خواتین کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں اور سیکیورٹی ادارے باقی مطلوبہ عناصر کی گرفتاری کے لیے سرگرم ہیں۔