تیمرگرہ میڈیکل کالج میں بڑ ے مالی اسکینڈل کا انکشاف

تیمرگرہ ٹیچنگ اسپتال میں ڈاکٹر کی جانب سے ممبر صوبائی اسمبلی ثوبیہ خان سے بدتمیزی
ڈاکٹر کے خلاف تحریک استحقاق اسمبلی میں لانے کا فیصلہ
ڈاکٹر نے معافی کے لیے جرگہ بھیج دیا ، ثوبیہ خان نے معافی سے انکار کر دیا
پشاور(قدرت روزنامہ) قائمہ کمیٹی محکمہ صحت کی رکن و ممبر صوبائی اسمبلی ثوبیہ خان نے تیمرگرہ میڈیکل کالج میں بڑے مالی اسکینڈل کا انکشاف کیا ہے ۔تیمرگرہ میڈیکل کالج کے لیے سازو سامان کی خریداری کے حوالے سے محکمہ صحت کے اسٹینڈنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں کمیٹی کے اراکین نے شرکت کی۔اسٹینڈنگ کمیٹی نے تیمرگرہ میڈیکل کالج اور تیمرگرہ ٹیچنگ اسپتال کا دورہ کرکے میڈیکل کالج کے لیے خرید ے گئے سامان کا جائزہ لیا۔ممبر اسٹینڈنگ کمیٹی ثوبیہ خان کا کہنا تھا کہ تیمرگرہ میڈیکل کالج کے پی سی ون میں 24 وینٹی لیٹر درج ہے جبکہ تیمرگرہ میڈیکل کالج کے لیے 36وینٹی لیٹر خریدے گئے، 4 وینٹی لیٹر تیمرگرہ ٹیچنگ اسپتال میں موجود ہیں جبکہ 32وینٹی لیٹر اسپتال سے غائب ہیں۔ذرئع کے مطابق تیمرگرہ ٹیچنگ اسپتال میں ڈاکٹر کی جانب سے ممبر صوبائی اسمبلی ثوبیہ خان سے بدتمیزی کی گئی۔ممبر صوبائی اسمبلی ثوبیہ خان نے ڈاکٹر کے خلاف تحریک استحقاق اسمبلی میں لانے کا فیصلہ کیا ہے، جس پر ڈاکٹر نے معافی کے لیے جرگہ بھیج دیا لیکن ممبر صوبائی اسمبلی ثوبیہ خان نے معافی سے انکار کر دیا۔