صوبہ بچائو تحریک کا دائرہ کار پھیلے گا، پی ٹی آئی کی غنڈہ سرکار روک نہیں سکے گی، بلاول بھٹو

خیبرپختونخوا حکومت کو عوام سے براہ راست ٹکرائو کی حکمت عملی مہنگی پڑے گی، چیئرمین پی پی پی کا پارٹی کے صوبائی صدر محمد علی شاہ باچا سے ٹیلی فونک رابطہ، ریلی میں شریک کارکنان پر تشدد سے متعلق دریافت کیا، ریلی کے انعقاد پر شاباش دی


کراچی(قدرت روزنامہ)چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پشاور میں احتجاج کرنے والے جیالوں پر تشدد کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اب صوبہ بچا ئو تحریک کا دائرہ کار خیبرپختونخوا کی گلی گلی اور کوچے کوچے تک پھیلے گا اور پی ٹی آئی کی غنڈہ سرکار اسے روک نہیں سکے گی۔ بلاول بھٹو نے پاکستان پیپلز پارٹی خیبرپختونخوا کے صدر محمد علی شاہ باچا سے ٹیلی فونک رابطہ کیا، اور پیپلزپارٹی کی ریلی میں شریک کارکنان پر تشدد سے متعلق دریافت کیا، اور ریلی کے انعقاد پر شاباش دی۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے پرامن احتجاج سے گھبرا کر خیبرپختونخوا حکومت نے آنسوگیس کی شیلنگ کی، خیبرپختونخوا کی صوبائی حکومت کو عوام سے براہ راست ٹکرائو کی حکمت عملی مہنگی پڑے گی۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے کرپشن، لاقانونیت اور بے روزگاری سے تنگ آئے عوام پر تشدد قابل مذمت ہے، اب صوبہ بچائو تحریک کا دائرہ کار خیبرپختونخوا کے گلی گلی اور کوچے کوچے تک پھیلایا جائے گا۔